Uncategorized

صحرا میں ٹوپی نما فٹ بال اسٹیڈیم کو ورلڈ کپ کےلئے 2022 کا انتطار

الثمامہ اسٹیڈیم کا منفرد ڈیزائن روایتی قطری ٹوپی ’غافیہ‘ جیسا ہے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔

گرم صحرا میں کسی چوڑی روایتی ٹوپی کی طرح دکھائی دینے والی یہ چیز دراصل ایک فٹبال اسٹیڈیم ہے جسے 2022 فیفا ورلڈ کپ کےلیے تعمیر کیا گیا ہے جو قطر میں کھیلا جائے گا۔ اس اسٹیدیم کو 2022 کا انتظار ہے تاکہ یہاں میچ ہوں اور تماشائی اپنا من پسند کھیل دیکھنے یہاں آئیں.
اس کا نام ’الثمامہ اسٹیڈیم‘ ہے جو قطری دارالحکومت دوحہ سے کچھ دوری پر صحرا میں واقع ہے۔اس کی تعمیر کچھ روز قبل ہی ہی مکمل ہوئی ہے جبکہ اسے قطر کے معروف ماہرِ تعمیرات، ابراہیم محمد جیداہ نے ڈیزائن کیا ہے۔
ابراہیم جیداہ کے مطابق، الثمامہ اسٹیڈیم کا منفرد ڈیزائن روایتی قطری ٹوپی ’غافیہ‘ جیسا ہے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔

یہاں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے آٹھ میچز ہوں گے جن میں ایک کوارٹر فائنل بھی شامل ہے۔
اسٹیڈیم کی غیرمعمولی طور پر پھیلی ہوئی چھت اس کے بڑے حصے کو دھوپ کی شدت سے محفوظ رکھے گی جبکہ گرمی کو مزید کم رکھنے کےلیے یہاں ٹھنڈے پانی کی پھواروں، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز تک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
الثمامہ اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، لیکن یہ صرف اسٹیڈیم نہیں بلکہ اس میں ایک عدد مسجد، بوتیک، ہوٹل اور وسیع مارکیٹ بھی شامل ہے۔
دوسرے بیشتر عرب ممالک کی طرح قطر بھی ایک گرم صحرائی ملک ہے جہاں گرمیوں کے دنوں میں کھلے ماحول کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں بجلی کا بڑا حصہ ایئرکنڈیشننگ کے نظاموں پر صرف ہوتا ہے۔

الثمامہ اسٹیڈیم میں مختلف تدابیر اختیار کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ کم بجلی کے استعمال سے اسٹیڈیم کا اندرونی درجہ حرارت خاصا کم رکھا جاسکے۔
اسے مزید ’ماحول دوست‘ بنانے کےلیے اس کے قریب ہی شمسی پینلوں کا جال بچھایا گیا ہے جو یہاں پر نصب ایئرکنڈیشننگ نظاموں کےلیے بجلی کی ضرورت پوری کرے گا۔
یہ فیفا ورلڈ کپ کی رونقوں کو مزید دوبالا کرنیوالا میدان ہے یہاں آنیوالے اور کھیلنے والے اس کو کبھی بھی فراموش نہیں کر پائیں گے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button