تازہ ترینخبریںپاکستان

نواز شریف کی واپسی، فواد چوہدری نے اہم کیس میں فریق بننے کی استدعا کر دی

نواز شریف کی واپسی سے متعلق ایک اہم کیس میں فواد چوہدری نے عدالت سے فریق بننے کی استدعا کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کا بیان حلفی دینے کے باوجود ملک واپس نہ لانے کے کیس میں عوام الناس کی جانب سے فریق بننے کی درخواست دائر کر دی۔

فواد چوہدری نے درخواست سکندر ذوالقرنین ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ کو بیان حلفی دیا کہ 4 ہفتوں میں نواز شریف واپس آ جائیں گے، نواز شریف کو پاکستان سے گئے 4 سال ہونے کو ہیں لیکن وہ واپس نہیں آئے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم بھائی کو سہولت دیتے ہوئے بلیو پاسپورٹ جاری کیا، انھوں نے ایک مجرم کو عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن ابھی تک پیش نہیں کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف ایک اشتہاری مجرم کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں، عدالت شہباز شریف کو 2019 میں کیے گئے حکم پر عمل درآمد کا حکم دے۔

فواد چوہدری نے درخواست کے ذریعے استدعا کی کہ عوام الناس کی نمائندگی کے لیے انھیں اس کیس میں فریق بنایا جائے۔ واضح رہے کہ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ اس درخواست پر سماعت کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button