تازہ ترینخبریںپاکستان

خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں خاتون جج کو دھمکی دینے کی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو 29 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

آج صبح سول جج رانا مجاہد رحیم نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت شروع کی تو عمران خان کے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آج پھر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے۔ عدالتی اوقات تک انتظار کر لیتے ہیں۔ آج پیش نہیں ہوتے تو وارنٹ جاری کردیں گے۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے کہا کہ جو کاپیاں فراہم کی گئی ہیں وہ مکمل نہیں۔ درخواست گزار سابق وزیراعظم ہیں جن پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ان کے زخم ابھی مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے جب کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے ذمے داروں کو سزا بھی نہیں دی جا سکی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزرائے اعظم جب قومی مفاد کیلیے فیصلے کرتے ہیں تو ان کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ استحقاق ایکٹ سیکشن 17 کہتا ہے کہ وزیراعظم کا آفس ہولڈ کرنے والے کو مناسب سکیورٹی دی جائیگی لیکن عمران خان جو سابق وزیراعظم ہیں ان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ انہیں سیکیورٹی فراہمی کے لیے لاہور ہائیکورٹ کو درخواست دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد کیسز درج کیے گئے ہیں۔ ہم عدالت کی کارروائی سے بھاگ نہیں رہے اور نہ کوئی بہانہ بنا رہے ہیں۔ عمران خان کئی مرتبہ عدالتوں کے سامنے پیش ہو چکے ہیں لیکن ان پر حملے کے بعد بہت سی چیزیں بدل چکی ہیں۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو دوپہر 2 بجے کے بعد سنایا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسی کیس میں 9 مارچ کو ہونے والی سماعت پر عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کی اس دن عدالت سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو 13 مارچ تک ملتوی کر دیا تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button