انتخاباتتازہ ترینخبریں

اپریل یا مئی میں پنجاب اور کے پی میں الیکشن کرانے پر غور

توقع ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب اور کے پی میں انتخابات کرانے کیلئے اپریل کے آخری ہفتے یا پھر مئی 2023ء میں کوئی تاریخ دے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس جمعرات کو ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد معاملے پر غور کیا گیا تاہم کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اجلاس ایک مرتبہ پھر جمعہ کو ہوگا اور کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن کی رائے بہت واضح تھی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا اور صدر مملکت کو پنجاب میں تاریخ بتانا ہوگی جبکہ کے پی میں الیکشن کیلئے گورنر سے مشاورت کرنا ہوگی۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات اسمبلیوں کی تحلیل کے 90؍ دن میں ممکن نہیں ہوں گے، جبکہ صدر مملکت اور گورنر کے پی کی جانب سے تاریخ کا اعلان ہونے کے 54؍ دن میں بھی نہیں ہوں گے۔

کہا جاتا ہے کہ ممکنہ طور پر کمیشن رمضان اور عید کے بعد تاریخ کی تجویز پیش کرسکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ تاریخ کے آپشنز اپریل کے آخری ہفتے یا مئی کے اوائل میں ہوں گے۔

جب ذرائع سے یہ پوچھا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر جن اداروں نے کمیشن کی معاونت پر ہچکچاہٹ دکھائی تھی کیا وہ اب معاونت کیلئے تیار ہیں، تو ان ذرائع کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کا مرحلہ دونوں صوبوں میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button