رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے جیل بھرو تحریک آئین کے تحفظ اور انتخابات کے لیے ہے، حکومت جان لے الیکشن کرواکر ہی جان چھوٹنی ہے۔
جیل بھرو تحریک کے آغاز پر ایک بیان میں چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کرکے حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ، عمران خان کی کال پر عوام اور پارٹی کارکن جیلوں میں جانے کیلئے تیار ہیں ۔
پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ آئین سے کھیلنے والے حکمران اپنے لیے خود آرٹیکل 6 کی راہ ہموار کررہے ہیں ، عوام عمران خان کے ساتھ ہیں یہی خوف پی ڈی ایم کو الیکشن سے روکے ہوئے ہے
ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحفظ کی جدوجہد میں قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا ہے ۔