تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کا سعودی عرب ٹیک ایونٹ میں اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ

پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے کہا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے سعودی عرب میں منعقدہ ٹیک ایونٹ میں اپنی متنوع صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنے ڈالرز کی اشد ضروریات کے حامل ملک کے لیے کئی ملٹی ملین ڈالر کے معاہدے اور سودے حاصل کر لئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی انڈسٹری نے ملک کے سب سے بڑے اور جڑواں معاشی مسئلے یعنی تجارتی خسارے اور کرنٹ اکائونٹ خسارے کے حل پر اپنی نظریں مرکوز کر رکھی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ آئی ٹی ہی ملک کی واحد صنعت ہے جو آنے والے سالوں کے دوران طویل عرصے تک برآمدات میں تیزی سے اضافہ کر سکتی ہے۔

محمد زوہیب خان نے بتایا کہ ریاض میں پاکستان پویلین نے ہزاروں وزیٹرز کو راغب کیا اور اس تقریب کے دوران سعودی حکومت اور ان کے چیمبرز آف کامرس کے اعلی عہدیداروں نے بھی پاکستان پویلین کا دورہ کیا جس میں پاکستان کی 150 بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال ہم پاکستان پویلین کے لیے مزید بڑا اور نمایاں مقام حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ سیکرٹری جنرل ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن مس دیما ال یحیی نے پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن اور ٹیک ڈسٹینیسن پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں بھی شرک کی ۔

اس تقریب میں 300 بڑی کاروباری شخصیات نے شرکت کی جن کا تعلق دنیا بھر کی آئی ٹی صنعت اور جی سی سی ممالک سے تھا۔ محمد زوہیب خان نے کہا ک ہ یہ بات قابل غور ہے کہ ڈی سی او ایک عالمی کثیرالجہتی و کثیر الملکی ادارہ ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل شمولیت، مکالمے اور شراکت داری کے ذریعے مشترکہ خوشحالی اور صحت مند باہمی انحصار پیدا کرنا ہے اور پاکستان کو اس اہم سرگرمی سے بہت معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

مزید برآں ریاض چیمبر آف کامرس کے وفد کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے ٹیک، آئی ٹی ، ٹیلی کام کے شعبوںمیںاربوں ڈالر کے سرمایہ کاری، جوائنٹ ونچرز ، تجارت اور دیگر معاہدوں کے دروازے کھولنے کے لیے اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

محمد زوہیب خان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن ، ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان، وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی مشترکہ کامیابی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button