تازہ ترینخبریںپاکستان

آئی جی پنجاب کا پولیس کے غازیوں کی مالی مشکلات کے ازالے کیلئے تاریخی اقدام

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے اور بحیثیت سربراہ اپنے خاندان کے ہر رکن کی ویلفیئر کا مناسب خیال رکھنا میری ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس کے غازیوں اور دوران سروس حادثات کے باعث معذوری کا شکار ہونے والے ملازمین کی مالی مشکلات اور مسائل کے ازالے کے لیے تاریخی اقدامات کرتے ہوئے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے شہداء، غازیوں،حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کے ویلفیئر کیسز کو ماہ فروری میں لازمی نمٹایا جائے اور جن کیسز پر سنٹرل پولیس آفس سے فنڈز کا اجراء ہونا ہے، انکے کاغذات مکمل کرکے سفارشات سنٹرل پولیس آفس بھجوانے میں ہر گز تاخیر نہ کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کے مشن میں معذور ہونے والے جوان ہمارا فخر ہیں اور ان بہادر غازیوں، معذوروں اور بیماروں کیلئے نئے خصوصی ویلفیئر پیکج کے تحت مصنوعی اعضاء، الیکٹرک وہیل چیئر زو بیڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی کہ ویلفیئر برانچ اس بات کو یقینی بنائے کہ ماہ فروری کے اختتام تک پنجاب پولیس کے شہداء، غازیوں، حاضر سروس و ریٹائرڈ ملازمین کی آخری تنخواہ، پنشن، جہیز فنڈ، میڈیکل امداد، تجہیز و تکفین، تعلیمی سکالر شپ سمیت ویلفیئر کی کسی کیٹیگری کا کوئی کیس زیر التواء نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے غازیوں میں ویلفیئر پیکج کے تحت امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے بم دھماکوں، ڈاکوؤں سے مقابلے اور دوران ڈیوٹی حادثات میں معذور ہونے والے لاہور پولیس غازیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 32لاکھ 50ہزار کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

کانسٹیبل آصف علی کو نچلا دھڑ مفلوج ہونے پر 6لاکھ روپے جبکہ کانسٹیبلان طارق محمود،فیصل فاروق اورنسیم خالدکو فی کس ساڑھے تین لاکھ روپے کے امدادی چیک دئیے گئے، اسی طرح بم دھماکوں سمیت مختلف واقعات کے غازیوں ہیڈ کانسٹیبل آصف علی، کانسٹیبل رضوان علی، کانسٹیبل محمد رضوان کو فی کس ساڑھے تین لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ اے ایس آئی محمد فضل کوڈھائی لاکھ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سرفراز احمد اور کانسٹیبل جواد حسین کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے کے چیک فراہم کیے گئے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ویلفیئر برانچ شہداء، غازیوں، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کی آئندہ تمام درخواستوں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندرنمٹائیں جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز اور یونٹ سربراہان بھی اپنے اضلاع میں شہداء اور غازیوں کی ویلفیئر کے فیصلوں کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں اور شہداء و غازیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے انکے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی آئی ٹی، احسن یونس اورڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین ودیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button