تازہ ترینتحریکخبریں

صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے ۔ صدر عارف علوی کا الیکشن کمیشن کو خط

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کےانتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں ، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔

صدر مملکت نے لکھا کہ الیکشن کمیشن ، الیکشن ایکٹ 2017 ءکے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابی شیڈول جاری کیا جائے۔

صدر عارف علوی نے اپنے خط میں زور دیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اور مستقبل کے عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جاسکے۔

صدر مملکت کا خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلی کے انتخابات تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر کرانے پر زور دیتا ہے ۔آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔ آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے ۔

صدر مملکت نے خبردار کیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو بالآخر کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ ِمملکت ہونے کی حیثیت سے ‘آئین کے تحفظ اور دفاع’ کا حلف لیا ہے ۔

صدر مملکت نے خط میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آئین کے تحت ان کے حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاددہانی کرواتے ہوئے لکھا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 ءکی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے ۔

صدر مملکت کے خط میں آئین کی تمہید اور قرارداد ِمقاصد کا بھی حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

صدر عارف علوی نے لکھا کہ تمہید میں واضح الفاظ میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی ۔قرارداد ِمقاصد قوم کے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے ۔آئین میں جمہوری اصولوں اور اقدار کی پابندی اور پیروی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں ۔دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں کبھی تاخیر نہیں کی ۔امریکہ نے 1812 ءمیں برطانیہ کے ساتھ جنگ کے باوجود انتخابات کرائے ۔

صدر مملکت نے بتایا کہ امریکی صدر ابراہم لنکن نے1864 ء میں خانہ جنگی کے دوران بھی انتخابات کو معطل کرنے کا نہیں سوچا ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرکے مناسب آئینی قدم اٹھایا ۔پختہ خیال ہے کہ انتخابات ملتوی یا ان میں تاخیر کرنے کا جواز فراہم کرنے والے حالات ملک میں نہیں ہیں۔

حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التوا ء نے جمہوریت کو طویل مدتی نقصان پہنچایا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button