تازہ ترینخبریںپاکستان

پشاور: پولیس لائنز کے قریب مسجد میں دھماکا، 50 افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ

پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

خود کش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی چھت منہدم ہو گئی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جو زخمیوں کو مسجد سے نکال رہے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق 13 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دھماکے کی اطلاع کے فوری بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دھماکا پشاور کے ریڈ زون میں ہوا جہاں گورنر ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتیں اور دفاتر موجود ہیں۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ امدادی کارروئیاں جاری ہیں، دھماکے میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 4 مارچ 2022 کو پشاور کے قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 56 سے زائد افراد جاں بحق اور 194 زخمی ہوگئے تھے۔

نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے جس میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔ بعض اوقات میڈیا کو ملنے والی ابتدائی معلومات درست نہیں ہوتی ہیں۔ لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ ہم متعلقہ اداروں، حکام اور اپنے رپورٹرز سے بات کرکے باوثوق معلومات آپ تک پہنچائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button