تازہ ترینخبریںپاکستان

اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مدارس دشمنی میں جو کام مشرف نہ کرسکا وہ کام عمران خاں کے دور میں کیاگیا،

تمام مکاتب فکر کے متفقہ وفاق ہائے مدارس کے متوازی 5 نئے مبینہ وفاق ہائے مدارس بنا ئے گئے۔ یہ اہل مدارس پر عمران خاں کا منظم حملہ تھا، جس کا مقصد اہل مدارس کی قوت کو کمزور کرناتھا،

اس امر کا اظہار انہوں نے جامعہ سلفیہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا دینی مدارس کے دم سے علوم نبوت زندہ ہیں۔ یہی وہ قلعے ہیں جن سے دین اسلام کا دفاع ہورہا ہے،یہی وہ نظریاتی چھاؤنیاں ہیں جنہوں نے اسلامی نظریہ کی حفاظت کی،

دینی مدارس آب حیات کے پاکیزہ چشمے ہیں ۔اس لیے دین دشمن قوتوں کی آنکھوں میں یہ کا نٹا بن کر چھبتے ہیں، مدارس کل بھی زندہ باد تھے، مدارس آج بھی زندہ باد ہیں اور قیامت کی صبح تک زندہ باد رہیں گے۔ پروفیسر ساجد میر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ خوش آئند قراردیا۔

پروفیسر ساجد میرنے اس موقع پر سویڈن کے بعد ہالینڈ میں قرآنِ مجید کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ان واقعات سے امتِ مسلمہ کے جذبات مجروح ہو ئے ہیں۔

اقوام متحدہ اسلاموفوبیا کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے، اسلاموفوبیا کا یہ عمل دنیا بھر کے 1.5 بلین مسلمانوں کی مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچارہا ہے ۔ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتیں۔ عالمی برادری کو اسلاموفوبیا، زینوفوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے مولانا علی محمد ابوتراب ۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد، چوہدری یاسین ظفر، حافظ عبدالستار حامد۔ مولانا مفتی عبدالستار حماد۔قاری نوید الحسن لکھوی۔ حاجی بشیر احمد نے بھی شرکت کی ۔تقریب کے آخر میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنےوالے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button