تازہ ترینخبریںپاکستان

پنجاب کی جیلوں میں چھوٹے بچوں کیلئے ڈے کئیر سنٹرز قائم کیے جائیں گے

لاہور ( میاں عمران ارشد) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کے وژن کے مطابق پنجاب کی تمام جیلوں میں چھوٹے بچوں کے لئے ڈے کئیر سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ایسے بچے جو خواتین قیدیوں کے ساتھ جیل میں رہتے ہیں ، انھیں تعلیمی و تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ فی میل سٹاف جو جیل کے خواتین وارڈ میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتا ہے ، انکے چھوٹے بچوں کو بھی یہ سہولت میسر ہو گی۔

ان ڈے کئیر سنٹرز میں چھوٹے بچوں کے لئے خوش رنگ کمرے ، کھیلنے کی جگہ پر مصنوعی گھاس ، چھوٹے بڑے کھلونے اور جھولے موجود ہونگے۔

چھوٹے بچوں کے لئے مونٹیسری سے کلاس اول تک کی کتابوں اور کاپیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم وتفریح کے لئے آڈیو اور ویڈیو سسٹم کے بھی انتظامات کئے جائیں گے۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں کا کہنا ہے کہ ڈے کئیر سنٹرز کے قیام کا مقصد چھوٹے بچوں کو خوف و ہراس کی فضا کی بجائے تعلیمی وتفریحی ماحول فراہم کرنا ہے ، جو کہ انکا بنیادی حق ہے۔

تمام ریجنل ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ جیلوں کے اچانک دورے کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ڈے کئیر سنٹرز کے قیام میں غفلت پر کسی قسم کا عذر قابل قبول نہیں ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button