Editorial

دراندازی، بھارتی ڈرامہ قبل ازوقت ناکام

 

نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ در اندازی کا تیار کیا گیا ڈرامہ پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے پوری دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے۔ فالس فلیگ کارروائی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے ذریعے کئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ فالس فلیگ آپریشن لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں پلان کیا گیا ہے۔ انڈیا کی 93 انفینٹری بریگیڈ کا ایجنٹ بشیر اور دو ساتھی عالم اور اسلم فالس فلیگ آپریشن کے مرکزی کردار ہیں۔ منصوبے کے تحت بشیر نے کچھ مقامی افراد کو استعمال کر کے جشکوال، آزاد کشمیر سائیڈ سے بم یا آئی ڈیز نصب کر کے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرنی ہے۔ کسی مسجد کے قریب اس کارروائی کو ناکام بنانا دکھایا جائے گا اور منصوبے کے تحت بھارتی فوج اور پولیس جعلی برآمدگی بھی ظاہر کرے گی۔ ڈی ایس پی پریشنا اس فالس فلیگ آپریشن کو سپروائز کر رہا ہے۔ منصوبے میں 93 بریگیڈ کی ڈوگرا رجمنٹ کے دستوں کو گھات لگا کر جعلی ریکوری کرتے دکھانا ہے۔ فالس فلیگ آپریشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں در اندازی کا الزام عائد کرکے دنیا میں پراپیگنڈا کرنا ہے۔ پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے سارا منصوبہ پیشگی بے نقاب کر کے مودی سرکار کو بڑی زک پہنچا ئی۔قریباً دو سال قبل خبریں گرم تھیں کہ بھارت در پردہ پاکستانی سرحدی خلاف ورزی کاڈرامہ رچانے کی تیاری کررہا ہے اور اِس وقت پاک فوج کی جانب سے بھارت کو متنبہ کیاگیا تھا کہ وہ ایسی کسی بے وقوفی سے باز رہے وگرنہ سخت جواب دیا جائے گا ۔ مگر بھارت نے اسی طرح تب بھی پلوامہ میں خودکش حملے کا ایک ڈرامہ رچایا اور پھر اس کا جھوٹا الزام پاکستان پر عائد کرکے خوب جھوٹا پراپیگنڈا کیا لیکن پاکستان نے جانتے بوجھتے ہوئے کہ یہ ڈرامہ مودی سرکار کا رچایا ہوا ہے جس کا مقصد ایک طرف بھارت میں ہونے والے انتخابات میں عوام کی حمایت حاصل کرنا تھا تو دوسری جانب عالمی برادری کو پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے گمراہ کرنا تھا لیکن پاکستان کی جانب سے بھارت کوواضح طور پر مشترکہ تحقیقات کے لیے پیش کش کی گئی جس کو بھارتی سرکار نے یکسر مسترد کردیا کیونکہ مشترکہ تحقیقات میں بھانڈا پھوٹ جانے کا قوی امکان تھالہٰذا بھارتی قیادت کے شرانگیز اور دھمکی آمیز بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے جہاں مودی سرکار کو کسی قسم کی بے وقوفی سے منع کیاگیا تو وہیں کسی بھی قسم کی جارحیت کا سامنے کرنے کے لیے مسلح افواج نے خود کو تیار رکھااور پھر دو سال میں ہی ثابت
ہوگیا کہ بھارتی فضائیہ مودی کے سیاسی فائدے کے لیے جھوٹ بولتی رہی اور الیکشن مہم کے لیے مودی سرکار کی آلہ کار بنی جو دنیا کی کسی مسلح فوج کے لیے انتہائی شرمناک ہے۔ بھارتی میڈیا کے بار بار ڈرامہ کے باوجود پاکستان پر الزامات جھوٹے ثابت ہوئے، ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ نے ثابت کر دیا کہ پلوامہ کا ڈرامہ سیاسی چال تھی جیسا کہ اب پاکستانی خفیہ اداروں نے مودی سرکار کی ایک اور بے وقوفی قبل ازوقت بے نقاب کرکے پوری دنیا کو اِس کا اصل چہرہ دکھادیا ہے، پلوامہ ڈرامے کو بنیاد بناکر پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب مقصد تھا لیکن پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے دانت کھٹے کرکے انہیں ایسی دھول چٹائی کہ پوری دنیا کے سامنے بھارتی دفاعی تیاریوں اور بھارتی فضائیہ کا پول کھل گیا اور جنہیں بھارت کی عسکری صلاحیتوں پر بڑا ناز تھا وہ بھی بالآخر مایوس ہوئے۔ پلوامہ ڈرامہ کے بعد پاک فضائیہ نے زناٹے دار تھپڑ رسید کرکے بھارت کو شرمسار کیا تھا شاید اب پھر مودی سرکار کسی وہم میں مبتلا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرلے گا تو واضح رہنا چاہیے کہ بھارت نے آج تک عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے جتنا بھی پراپیگنڈا کیا اور فرضی اداروں کا استعمال کیا اب وہ تمام چیزیں اقوام عالم کے سامنے عیاں ہوچکی ہیں اور پاکستان کی جانب سے بھی بھارت کی عیاری اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بارہا عالمی برادری کے حوالے کیے جاچکے ہیں۔ بہرکیف مود ی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ پاک فضائیہ ہمہ وقت مادرِ ملت کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ پاک فوج کا ہر شعبہ محدود وسائل کے باوجود اپنی دفاعی تیاریوں کے ساتھ ہمہ وقت دشمن کو نیست و نابود کرنے کے لیے تیار ملے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ بھارت کی اِس سازش کو عالمی سطح پر بے نقاب کرکے عالمی برادری سے سوال کرے کہ کیا ایسی ریاست جو ہمسایہ ممالک کے لیے ہمہ وقت خطرہ ہو اور دہشت گردوں کی ہر لحاظ سے حمایت کرتی ہو، اِس کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کرنا چاہیے؟ ہم اپنے انٹیلی جنس اداروں کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ میں پاک فوج اورسکیورٹی ایجنسیوں کی بھرپور کارروائیوں کے پیچھے سکیورٹی اداروں کی تندہی، بروقت اور درست اطلاعات ہی تھیں جن کے نتیجے میں بدنام زمانہ دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچے ۔ ہمیں یقین ہے کہ مودی سرکار تین سال پہلے ملنے والے جواب کو ہمہ وقت مدنظر رکھے گی کیونکہ مسلح افواج اور عسکری قیادت ہمہ وقت بھارتی عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے بے تاب ہیں، مودی سرکار کی ایسی غلطی اُس کے سیاسی سفر کے خاتمے کا بھی باعث بن سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button