Uncategorized

پاکستانی شاہینوں نے تاریخ بدل دی بھارت عبرتناک شکست سے دوچار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی شاہینوں نے بھارت کو دھول چٹا دی.پاکستان نے بھارت کو اہم معرکے میں شکست فاش دے سے دوچار کرکے قوم کے دل جیت لئے .
بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا تھا. سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین بڑے ٹاکرے میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف شراکت داری کا نیا ریکارڈ بنادیا ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 3چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 55گیندوں پر78رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 2چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 52گیندوں پر 68رنز بنائے۔
دبئی میں کھیلے جارہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 100 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ریکارڈ اوپننگ شراکت قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ بابراعظم نے 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔
ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بناسکے۔
کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اورتاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button