تازہ ترینجرم کہانیخبریں

نجی اسکول میں طالبہ پر ساتھی طالبات کے بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل

نجی اسکول میں طالبات نے مل کر ایک طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنی عبوری ضمانت بھی کرالی۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقع نجی اسکول میں طالبات نے اپنی ساتھی طالبہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

متاثرہ طالبہ کے مطابق ساتھی طالبات کو نشے سے منع کیا تھا، جس پر انہوں نے طیش میں آکر مجھے ہی تشدد کا نشانہ بنادیا۔

سوشل میڈیا پر طالبہ پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ طالبات ایک نہتی طالبہ کو مل کر تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔

متاثرہ لڑکی نے ساتھی طالبات کے خلاف مقدمہ درج کرایا، تاہم پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد طالبات کے گھروں کو تالے لگے ہوئے تھے اور ان کے والدین لڑکیوں کو لے کرفرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرایا گیا جس میں اس پر تشدد کی تصدیق ہوگئی ہے، اور اسکول انتظامیہ سے معاملے کی تفصیل اور پوچھ گچھ کی گئی، واقعہ الیکٹرک سگریٹ پینے کے تنازع پر پیش آیا۔

دوسری جانب مقدمہ میں ملوث طالبات عمائمہ قیصر، جنت ملک اور کائنات ملک نے گرفتاری کے خوف سے سیشن عدالت لاہور میں عبوری ضمانت دائر کردی، اور مؤقف پیش کیا کہ پولیس نے ہمارے خلاف بدنیتی کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا۔

نامزد طالبات نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم مقدمے میں شامل تفتیش ہوکر پولیس کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہتی ہیں، ہمارا اس مقدمہ میں کوئی قصور نہیں ہے، عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے اسکول میں طالبہ پر تشدد میں ملوث تینوں طالبات کی عبوری ضمانت منظور کرلی، اور پولیس کو 30 جنوری تک طالبات کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ اور آئندہ سماعت پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button