تازہ ترینتحریکخبریں

پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ، پرویزالہی وزیراعلی برقرار

پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی سے 186 ووٹ لے کر اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے، ووٹنگ کے موقع پر اپوزیشن اراکین نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے اس موقع پر کہا کہ میں تحریک انصاف اور ق لیگ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے ان کو اندازہ نہیں تھا آج کیا ہونا ہے، ایک ہی لیڈر ہے وہ عمران خان ہے، تمام وزرا کا شکریہ ۔ لیگل ٹیم نے محنت کی عدالت میں ثابت کیا کہ گورنر کا آرڈر غیر قانونی ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ اللّٰہ نے کرم کیا اور 186 ووٹ سامنے آئے ہیں، یہ بارات لے کر آئے تھے ان کی ڈولی اور جھولی خالی ہو گئی۔ شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی، ن لیگ کی اپنی تو عزت ہی نہیں، دلیر بنو شکست تسلیم کرو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے ساتھ ہیں، ہم نے چوروں کو گھر کے اندر تک محدود کرنا ہے، تحریک انصاف اور ق لیگ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجلس وحدت المسلمین اور بلال وڑائچ کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ن لیگ والوں نے ایک ماہ سے شور کیا ہوا تھا۔

قبل ازیں سپیکر نے پرویز الہٰی کے 186 ووٹ لینے کا اعلان کیا، نتائج کی کاپی گورنر پنجاب اور  لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔

 تحریک انصاف نے اعتماد کے ووٹ پر رائے شماری کیلئے راتوں رات کارروائی شروع کی، پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پر اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی گئی۔

راجہ بشارت اور اسلم اقبال نے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی، اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن و حکومتی اراکین کی جانب سے شور شرابہ جاری رہا جبکہ کرسیاں بھی چل گئیں تاہم اس صورتحال میں بھی رائے شماری جاری رہی۔

اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا گیا ہے، اپوزیشن اراکین نے ڈاکو، ڈاکو کے نعرے لگائے، قرارداد کی کاپیاں ہوا میں اچھال دیں اور ایوان سے باہر چلے گئے۔

اس سے کچھ دیر قبل وقفے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔ پچھلا اجلاس ملتوی کرکے آج یعنی 12جنوری کی تاریخ کو نیا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی پہنچے تھے، فواد چوہدری  نے کہا کہ  187 ارکان کا ہدف پورا کرلیا ہے، مزید کچھ ارکان اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں پرویز الہٰی کو اکثریت حاصل نہیں رہی ، ایوان کے حاضری رجسٹر کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کے 181 ارکان نے حاضری درج کرائی۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button