تازہ ترینخبریںپاکستان

سہون حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی، میتیں خیرپور روانہ

گزشتہ شب سہون حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے حادثے میں خواتین وبچوں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ شب سہون کے قریب انڈس ہائی وے پر حالیہ سیلاب کے دوران پڑنے والے شگاف کے باعث مسافر وین حادثے کا شکار ہوئی۔ جس کے نتیجے میں 10 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

اس خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ مرنے والوں میں محمودہ، مسمات سنہ، مسمات بھمبل، بینظیر، جمن، لیلا، شاہدہ، مسمات سونھ، مدیہ، اللہ دنی، نعمان، دلشاد، اللہ ڈنو، عثمان، محبوب، شہزا اور شاہنواز شامل ہیں۔

جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقے خیرپور روانہ کردی گئی ہیں جب کہ زخمی 13 افراد عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سہون میں زیرعلاج ہیں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر معین کے مطابق حادثے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق پھلپوٹو برادری سے تھا اور وہ درگاہ لعل شہباز قلندر کی زیارت کے لیے سہون شریف جا رہے تھے۔

علاقے کے لوگوں کے مطابق جائے حادثہ پر شگاف کے مقام پر کوئی متبادل راستہ نہیں بنایا گیا ہے اور نہ ہی کوئی بورڈ لگایا گیا ہے، جس کے باعث یہ خوفناک حادثہ پیش آیا اور متعلقہ حکام کی لاپروائی کے باعث یہاں حادثات رونما ہونا معمول بن چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button