تازہ ترینخبریںپاکستان

رانا ثناء اللّٰہ دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں داخل

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کے ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ روٹین کے چیک اپ کیلئے ہسپتال گئے ہیں۔

بعد ازاں وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں بالکل ٹھیک ٹھاک ہوں، چھوٹے موٹے چیک اپ اور پروسیجر کیلئے ہسپتال آیا تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ رو بہ صحت ہوں، انشاء اللّٰہ ایک آدھ دن میں آپ کے درمیان ہوں گا، ہسپتال میں رش کرنے کی ضرورت نہیں، اتوار تک گھر آجاؤں گا۔

رانا ثناء نے کہا کہ میرے دوست اور چاہنے والے آپریشن تھیٹر میں میری تصویر دیکھ کر پریشان ہوئے، کافی عرصہ پہلے میری 2004 میں ہارٹ سرجری ہو چکی ہے۔

اسی سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ معمول کے طبی معائنے کیلئے عسکری ادارہ برائے امراض قلب (اے ایف آئی سی) راولپنڈی گئے تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رانا ثناء کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں، 18 سال قبل 2004 میں رانا ثناء کی ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ ہر دو تین سال بعد اس کا چیک اپ کروانا لازم ہوتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سال دو تین بار ڈاکٹرز سے معائنہ کروایا، ایک چھوٹا سا لیکن ضروری پروسیجر اے ایف آئی سی کے ڈاکٹرز نے تجویز کیا تھا جس کے بعد سے وہ روبہ صحت ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ کل انشاء اللّٰہ ہسپتال سے گھر آجائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button