Uncategorized

عدلیہ ایگزیکٹیو کے اختیار پر تجاوز نہیں کر سکتی ، چیف جسٹس سپریم کورٹ

سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ وزیرِ اعظم کو ملک چلانا نہ آئے تو کیا عدلیہ ملک چلائے گی؟

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی آمدن پر نیب کا اختیار بھی ترامیم میں ختم کر دیا گیا، ایمنسٹی سکیم صرف کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے ہوتی ہے، نیب ترامیم سے پہلے نیب کو ایمنسٹی سکیم میں غیر قانونی آمدن پر کارروائی کا اختیار تھا

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ غیر قانونی آمدن کے احتساب کے دیگر قوانین بھی موجود ہیں، سسٹم بریک ہو جائے تو سخت قانون بھی مؤثر نہیں رہتا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ نیب کی سستی پر سپریم کورٹ نے کرپشن کے معاملات کی تحقیقات کرائی، سپریم کورٹ نے فیک اکاؤنٹس کے معاملے کی تحقیقات جے آئی ٹی سے کروائی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سب کچھ عدلیہ نے کرنا ہے تو کیا یہ ایگزیکٹو کے اختیار پر تجاوز نہیں ہو گا؟ کیا ایگزیکٹو کی ناکامی پر عدلیہ سپر رول ادا کر سکتی ہے؟

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر عدالت نے قانون سازی کا حکم دیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم کو ملک چلانا نہ آئے تو کیا عدلیہ ملک چلائے گی؟

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ عدلیہ کی ذمے داری ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کوئی کہے کہ حکومت مشکوک اور وزیرِ اعظم متنازع ہے تو عدلیہ حکومت چلائے گی؟ اس چیز کو کہیں تو روکنا ہو گا، کیا بنیادی حقوق کے تحفظ میں اختیارات کی تقسیم کی لکیر عدلیہ عبور کر سکتی ہے۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ عدلیہ ایگزیکٹیو کے اختیار پر تجاوز نہیں کر سکتی، عدالت اگزیکٹیو کو اپنی ذمے داری پوری کرنے کا کہہ سکتی ہے، عدلیہ ایگزیکٹیو کا اختیار استعمال نہیں کر سکتی، سوموٹو کا اختیار بڑے احتیاط سے استعمال کرنا پڑتا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button