تازہ ترینخبریںپاکستان

بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے میں بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج شام ملک میں داخل ہو گا، جس کے تحت 5 سے 7 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے۔

اس سسٹم کے تحت گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، جھنگ اور فیصل آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

مغربی ہواؤں کے سلسلے کے تحت مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 5 اور 6 نومبر کو موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

6 نومبر کی شام سے 7 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ میں درمیانی بارش متوقع ہے۔

ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں دن میں درجۂ حرارت میں 5 سے 7، جنوبی علاقوں میں 2 سے 4 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔

بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہوں گے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم یہ بارش گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button