تازہ ترینخبریںپاکستان

سیاحت امن کو فروغ دینے اور دہشت گردی سے لڑنے کا بہترین ذریعہ ہے، امیر مقام

اسلا م آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، سٹی رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی اُمور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص سیاحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں،

سیاحت امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کا ایک بہترین ذریعہ ہے،پاکستا ن قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے جہاں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں ،

وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی اور آج ان کی قیادت میں وطن عزیز ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ایجوکیشنل ایڈوائز پرائیویٹ لمیٹیڈ ، پاکستان میں کرغستان کے سفارت خانے اور پی این سی اے کے تعاون سے ” تعلیم،ثقافت اور سیاحت ”کے بارے میں منعقدہ ایک میگا ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں کرغستان کے سفیر اولان بیک تو توئیف ، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فارینہ مظہر ، ایجوکیشنل ایڈ وائزر پرائیویٹ لمیٹیڈ کے صدر ڈاکٹر عمران نذیر ، پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا ،ڈ ی جی پی این سی اے محمد ایوب جمالی سمیت سینئر افسران اور طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور تقریب کے انعقادکو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دوطرفہ سیاحت کو فروغ دیں گے۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص سیاحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،کرغزستان کا اتنی بار دورہ کیا ہے میں سمجھتا ہوں کہ کرغزستان میرا دوسرا گھر ہے یہ بہت خوبصورت ہے اور میں سب سے کہتا ہوں کہ اپنی زندگی میں ایک بار ضرور کرغستان دیکھیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں،شمال میں پہاڑوں کے سلسلوں سے لے کر جنوبی پاکستان میں بحر ہند تک قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔

میرا پختہ یقین ہے کہ سیاحت امن کو فروغ دینے اور دہشت گردی سے لڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔اس کے لیے میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں کھولنے کے لیے کرغزستان کے سفیر کو تعاون کی پیشکش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت وزیراعظم کے حالیہ دورہ کرغزستان اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے دوران کرغیز صدر سے ملاقات میں دونوں رہنماں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوام کے شعبوں میں قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اعلی سطح کے تبادلوں، بین الپارلیمانی تعلقات ، دفاعی اور سیکورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی انہوں نے کہا کہ کرغیز قوم نے پاکستان میں سیلاب کی صورت میں حالیہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں اپنی حمایت کا بھرپور اعادہ کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں معیشتوں کے درمیان تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ 11,000 سے زیادہ طلبا وہاں کی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخل ہیں۔ اگر ہم مطالعہ کے تمام شعبوں کو شامل کریں تو یہ تعداد 15000 کے قریب آجاتی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ایک شخص سیاست کے نام پر جھوٹ پھیلا رہا ہے اور خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے لوگوں کی پیروی سے گریز کریں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آگے آئیں۔اگر یہ ملک رہے گا تو ہم سب خوشحال ہوں گے اور ہماری آنے والی نسلیں بھی خوشحال ہوں گی۔ہمیں اپنے بچوں کو مثبت سرگرمیوں پر توجہ دینے کی تعلیم دینی چاہیے،

ہم خوش قسمت ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف ہمارے ملک کی قیادت کر رہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کا ماڈل بین الاقوامی سطح پر سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک میں امن کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیںجبکہ ملک میں سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان کو اب بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے ایجوکیشنل ایڈوائزر پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او ڈاکٹر محمد عمران نذیر کی پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں، دونوں ممالک کے درمیان خصوصی چارٹر پروازوں کے انتظام کے اقدام اور تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

پاکستان میں کرغیز جمہوریہ کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے کرغزستان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے لیے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت اور اقتصادی اور ثقافتی کردارمیں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرغیز جمہوریہ ہزاروں پاکستانی طلبا کوتعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کا ثبوت ہے۔

کرغستان سینڑل ایشا کا دل کہلاتا ہے ، گیارہ ہزار پاکستانی طلبا کرغستان میں زیر تعلیم ہیں اور معیاری تعلیم کی فراہمی کرغستان کا طرہ امتیاز ہے انہوںنے کہا کہ طلبا ایکسچینج پروگرام سے دونوں ممالک کے طلبا مستفید ہو رہے ہیں ۔ دونوں ممالک کے مابین تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے مواقع موجود ہیں ۔

ایجوکیشنل ایڈوائزر پرائیویٹ لمیٹڈ کے صدر ڈاکٹر عمران نذیر نے کہا کہ دونوں مماملک کے درمیان مشترکات ہیں اوردونوں ممالک کے مابین تعلیم ثقافت اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیںہماری پہلی کمپنی جس نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی سروس شروع کی ،دونوں مماملک کے کاروباری حضرات اور سیاحت کے دلدادہ ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے پاکستان میں سیاحت کے امکانات اور سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ ثقافتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔تقریب میں دونوں ممالک کے حوالے سے خصوصی ڈاکومنٹر ی بھی دیکھائی گئی جبکہ پاکستان اور کرغستان کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندارپر فارمنس پیش کی۔ خوبصورت ملبوسات، پاکستان کے چاروں صوبوں کی خوبصورتی ،تاریخی مقامات، صوفی ازم، چولستان کے صحرا ، کیلاش کی وادی ، جنگلی حیات ، دستکاری ، قومی کھیل ، اسلام آباد کی خوبصورتی پر مبنی ڈاکمنٹری کو خوب سراہا گیا ۔

اس موقع پرسندھی جھومر اورخٹک ڈانس کی پرفارمنس پر حاضرین نے خوب داد دی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کرغستان کے سفیر دیگر مہمانوںاور فنکاروں میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے جبکہ طلباء و طالبات، مختلف اسٹال پرکرغستان کی یونیورسٹیوں اور سیاحت کے حوالے سے معلومات حاصل کرتے رہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button