تازہ ترینخبریںپاکستان سے

حکومت اور عمران خان کے درمیان مذاکرات کی کوششیں مزید تیز

لاہور(روبی رزاق سے) حکومت اور عمران خان کے درمیان مذاکرات کی کوششیں مزید تیز، عمران خان کو دو میں سے ایک مطالبے میں لچک دکھانے کا مشورہ ، دونوں فریقین کاٴٴ ثالثین ٴٴ پر اعتماد کا اظہار ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں تیزی کے ساتھ ہی ثالثین نے بیک ڈور رابطوں میں بھی تیزی دکھانا شروع کردی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے دو میں سے ایک مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار ہیں جو آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت سے متعلق ہے لیکن عمران خان جلد انتخابات کی تاریخ کے مطالبے سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں اور جو لوگ ثالثی کے عمل میں عمران خان کی طرف سے نمائندگی کررہے ہیں انہیں بھی جلد انتخابات کے انعقاد سے مطالبے سے ہٹنے کا مینڈیٹ نہیں دیاگیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی ملکی معیشت کے لحاظ سے اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ازجلد سیاسی استحکام کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ سعودی مہمان کے شایان شان اُن کا استقبال کیاجاسکے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے مطالبے اور مقتدر حلقوں کی مداخلت پر اب پی ڈی ایم میں مشاورت کا عمل جاری ہے لیکن ان پر واضح کردیا گیا ہے کہ ملک مزید سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا اِس لیے حالات کی سنگینی کا ادراک کیاجائے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ، اپنے اتحادی عمران خان کی طرف سے مذاکرات کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہری پرویز الہی کا اِس ضمن میں عمران خان سے دن میں بارہا رابطہ بھی ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button