تازہ ترینخبریںدنیا

ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک والے صارفین خبردار

ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ اکاؤنٹس کی ویریفیکیشن یا بلیو ٹک حاصل کرنے کے عمل میں تبدیلی لائی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اب اکاؤنٹ کی تصدیق کے لئے فیس ادا کرنا پڑے گی۔

اس حوالے سے ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ ’دی ورج‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نئی ٹویٹر انتظامیہ اب اکاؤنٹس کی تصدیق اور بلیو ٹک جاری کرنے کے لیے صارفین سے فیس لے گی۔

رپورٹ کے مطابق بلیو ٹک کے ویریفائیڈ بیجز کے لیے صارفین کو ’ٹوئٹر بلیو‘ کی 4.99 ڈالر کی ماہانہ سبسکریشن فیس ادا کرنا پڑے گی، اور فیس نہ ادا کرنے کی صورت میں متعلقہ صارف کے اکاؤنٹ سے بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا۔

دوسری جانب غیرملکی فوٹو گرافر جان کروس نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے ٹویٹر کے نئے مالک کو شکایت کی ان کے فالوورز کی تعداد بہت زیادہ ہونے کے باوجود بھی ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

فوٹو گرافر نے ایلون مسک کو اپنی ٹویٹ ٹیگ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ میرے اکاؤنٹ کی تصدیق میں میری مدد کرسکتے ہیں۔

جان کروس کی ٹویٹ کے جواب میں ٹویٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا کہ اکاؤنٹ کی تبدیلی کا طریقہ کار تبدیل کرنے جارہے ہیں۔

ایلون مسک نے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لئے فیس کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ تاہم ٹویٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تصدیق کا عمل ’ٹویٹر بلیو‘ کے تحت ہوا کرے گا۔

اس سے قبل ’دی ورج‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس 4.99 ڈالر سے بڑھا کر 19.99 ڈالر ماہانہ کردی جائے گی جس میں اکاؤنٹس کی تصدیق کا عمل بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر بلیو کی سروس جون 2021 میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے تحت صارفین کو ٹویٹ ایڈٹ کرنے کے علاوہ مخصوص فیچرز تک رسائی دی جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button