تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

ہاں میں نے ہی ارشد شریف کو ملک چھوڑنے کا کہا: عمران خان

کینیا میں صحافی ارشد شریف کے المناک قتل کے بعد پورا ملک ایک صدمے کی حالت میں ہے، بہت سے لوگ اپنے اپنے نقطہ نظر سے اس پر رائے دے رہے ہیں، اور پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے با آواز بلند کہہ رہے ہیں کہ ہاں، یہ میں ہی تھا جس نے ارشد کو ملک چھوڑنے کو کہا!

سی پی این ای کے صدر کاظم خان کے ساتھ خصوصی بات چیت میں پی ٹی آئی چیئرمین نے زور دے کر کہا کہ اگرچہ وہ اپنے دعووں پر قائم ہیں لیکن کسی نے ان سے یہ پوچھنے کی جرات نہیں کی کہ انہوں نے ارشدشریف کو جلد از جلد وطن چھوڑنے کا مشورہ کیوں دیا تھا؟انھوں نے کہا اگرمجھے کسی فورم پر بلایا گیا تو میں تمام تفصیلات سامنے لاؤں گا۔

عمران خان نے انگریزی اخبار ڈیلی ٹائمز ایڈیٹر کاظم خان سے تفصیلی انٹرویو میں کہا کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ پرُامن ہو گا، سیاسی رجیم چینج کے ہینڈلرز اپنے ادارے میں رجیم چینج نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر تعداد ظاہر کردے گی کہ پاکستانی قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں، دنیا کو بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں،ورنہ عوامی مینڈیٹ کی اہمیت ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔

عمران خان نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی متنازعہ پریس کانفرنس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر معمولی لڑائیوں میں بسا اوقات پیادے اپنی اوقات سے بڑھ کر کام کر جاتے ہیں۔

انھوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا ہمارا لانگ مارچ پر امن ہو گا۔انھوں نے اپنے لانگ مارچ کو پاکستان کی ”سب سے بڑی تحریک آزادی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اگلے انتخابات تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ”مجھے یقین ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تحریک آزادی ہوگی۔ہم اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک الیکشن کے ذریعے قوم کو اس کا حق نہیں مل جاتا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقتدار یا سیاست کی جنگ نہیں بلکہ ایک غیر ملکی سازش کے خلاف جنگ ہے جس کا نتیجے میں ہم پر چوروں کی حکومت مسلط کر دی گئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے لانگ مارچ کا مقصد حکمران ”ڈاکوؤں ” کو شکست دے کر قوم کی حقیقی آزادی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چوروں کا ٹولہ ہم پر حکومت کرتا رہا تو پاکستان کے لیے تمام قربانیاں رائیگاں جائیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جدوجہد اس دن تک جاری رہے گی جب تک قوم پر مسلط امریکی غلاموں کے خلاف اپنے نمائندے منتخب کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ زندہ معاشرہ انصاف کے لیے کھڑا ہوتا ہے اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے بڑا ڈاکو وزیراعظم بنتا ہے اور پاکستان میں بڑے چور آزاد جبکہ چھوٹے جیلوں میں ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک پیچھے رہ گیا ہے اور باقی دنیا آگے بڑھ گئی ہے کیونکہ یہاں انصاف نہیں ہے، وہ قومیں اوپر جاتی ہیں جو لوگوں کو تعلیم دیتی ہیں، انصاف دیتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ کھڑے ہوں اور اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو اس کا مجھ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا بلکہ آپ کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔

انھوں نے وفاقی حکومت کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ تیار ہو جاؤ، دارالحکومت کی جانب لوگوں کا سمندر آ رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button