تازہ ترینخبریںسپورٹس

96 کے ورلڈکپ سے متعلق سوال پر وسیم اکرم شدید برہم

سابق کپتان وسیم اکرم 1996 کے ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں عدم شرکت پر بار بار پوچھے جانے والے سوال پر آگ بگولہ ہوگئے۔

1996 کے ورلڈکپ کا کوارٹر فائنل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا جس میں وسیم اکرم پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے اور اس میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی جس کے بعد سابق کپتان کی میچ میں عدم شرکت پر کئی سوالات اٹھے تھے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو کے دوران وسیم اکرم سے 1996 کے ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں شرکت نہ کرنے سے متعلق سوال کیا گیا جس پر سابق کپتان برہم ہوگئے۔

وسیم اکرم نے پہلے ینگ جنریشن کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر آنے والی افواہوں پر کان نہ دھرہں پھر انہوں نے بتایا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انجرڈ ہوگئے تھے جس کے بارے میں انہوں نے میڈیا کو نہیں بتایا کیونکہ ان کی انجری کا پتا چلنے سے بھارت کو فائدہ ہوسکتا تھا۔

سابق کپتان نے مزید طیش میں آکر کہا کہ میں تم لوگوں کو ٹھنڈا کر ہی دوں، میرے پاس اس نوجوان نسل کے لیے بہت الفاظ ہیں، کبھی بھی افواہوں پر توجہ نہ دیں ٹھیک ہے؟ جب یہ میچ ہوا تو آپ لوگ پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 34 رنز بنائے تھے لیکن جب میں نے سوئپ شاٹ کھیلا تو مجھے پٹھوں میں مسئلہ ہوگیا جسے ٹھیک ہونے میں 6 ہفتوں کا وقت لگا، یہ بات ہم نے میڈیا کو نہیں بتائی تھی کیونکہ اس سے بھارتی ٹیم پراعتماد ہوجاتی کہ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ وقار یونس اس ساری صورتحال سے پوری طرح آگاہ تھے، ان سمیت سب نے دیکھا کہ میں نے تکلیف سے نجات کے لیے دوائیں بھی کھائی تھیں لیکن اس سے بھی آرام نہیں ملا۔

سابق کپتان نے سوال کیا کہ ٹیم میں اور بھی کھلاڑی تھے لیکن کیا اس وقت ہارنے کی وجہ میرا نہ کھیلنا تھا؟

واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 287 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا اور پاکستان کی ٹیم 248 رنز بنا سکی تھی جب کہ اس میچ کے بہترین کھلاڑی نوجوت سدھو قرار پائے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button