تازہ ترینخبریںپاکستان

پی ٹی آئی ہمیشہ صحافی برادری کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی، عمر سرفراز چیمہ

مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کا آڈیو اور سب ٹائٹل کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ایک گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری آڈیو لیک کی مگر کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔

دوسری آڈیو لیک میں بھی ثابت ہو گیا کہ سائفر ایک حقیقت ہے۔ آڈیو میں بھی وہی الفاظ ہیں جن سے عمران خان قوم کو پہلے ہی آگاہ کر چکے ہیں۔

عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ گزشتہ لیکڈ آڈیو میں عمران خان نے کہا "یہ فارن سازش ہے” جبکہ سب ٹائٹلز میں لکھا گیا "اس کو فارن سازش بنا دیتے ہیں۔” آج کی آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں "لیٹر کے منٹس لکھ دیں” جبکہ سب ٹائٹلز میں "مرضی کے منٹس لکھ دیں” لکھا گیا۔

مشیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جھوٹ، پراپیگنڈہ اور منافقت ن لیگ کا من پسند مشغلہ ہے مگر اب عوام انکے دھوکے میں آنے والی نہیں۔ مافیا سارا پراپیگنڈہ اصل الفاظ اور سب ٹائٹلز میں ردوبدل کر کے کر رہا ہے، اور سائفر پر تحقیقات کی بجائے آڈیو آڈیو کھیل رہا ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ ہر گزرتا دن سائفر کی حقیقت کو ثابت کر رہا ہے، اور قوم تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہے۔

قبل ازیں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کے دوران مشیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کا اولین مقصد پاکستانی قوم کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانا تھا، اور سیاسی شعور کے اس سفر میں میڈیا پی ٹی آئی کے ہمرکاب رہا۔ پی ٹی آئی آزادی صحافت کی سب سے بڑی داعی جماعت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ہمارے مفادات اس ملک سے جڑے ہیں اور ہم نے اس کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے ہیں۔ چند مافیاز نے گزشتہ سات دہائیوں میں جن اداروں کو تباہ کیا، ان میں میڈیا بھی شامل ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ صحافی برادری کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی، ہم نے میڈیا کو مخالفین سے انتقام لینے کیلئے استعمال نہیں کیا جبکہ دیگر جماعتوں نے میڈیا کو ریاستی انتقام کا آلہ کار بنائے رکھا۔

موجودہ وفاقی حکومت میڈیا کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی حقیقی معنوں میں آزادی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر عملی اقدامات اٹھانے چاہیئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button