تازہ ترینجرم کہانیخبریں

غلط انگلش کیوں لکھی؟ سفاک ٹیچر نے طالب علم کو موت کے گھاٹ اتاردیا

بھارت میں اسکول ٹیچر کے بہیمانہ تشدد سے طالب علم جان کی بازی ہارگیا، واقعے کے خلاف دلت ہندوؤں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع اوریا میں دلت ذات کے ساتھ ذیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس کے بعد علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اترپردیش کے ضلع اوریا کے نواحی علاقے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد دلت برادری میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔

خبر کے مطابق ایک اعلیٰ ذات کے ہندو ٹیچر کے تشدد سے 15 سالہ دلت طالب علم ہلاک ہوا، ٹیچر نے ٹیسٹ میں غلط اسپیلنگ لکھنے پر طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ ملزم واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچے کے باپ نیکھل ڈوہرے نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ بچے نے ایک ٹیسٹ میں لفظ سوشل کی اسپیلنگ غلط لکھی تھی جس پر ٹیچر نے ڈنڈے سے اس حد تک مارا کہ وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بچے کے اہلخانہ نے ٹیچر کے خلاف شکایت درج کرادی ہے جبکہ لڑکے کی موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے قتل میں ملوث ٹیچر کو تلاش کیا جارہا ہے جس کے بعد اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بھارت میں نچلی ذات کے دلت ہندوؤں کو اونچی ذات کے ہندوؤں کی جانب سے اکثر غیر انسانی سلوک اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

دلت برادری ہندو مذہب میں ذات پات کے حوالے سے سب سے نچلا ترین درجہ رکھتی ہے اور صدیوں سے اس سے امتیازی سلوک ہوتا آیا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button