صحت  کیلئے مفید مصالحہ جات

 صحت  کیلئے مفید مصالحہ جات

پاکستانی پکوان اپنے ذائقے اور مزے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں اور یہ انفرادیت انہیں خاص مصالحوں اور اجزا کی بنا پر حاصل ہوتی ہے مگر یہ صرف منہ کا ذائقہ ہی بہتر نہیں بناتے بلکہ یہ انسانی صحت کے لئے بھی بہترین  ہیں۔ ایک طبی تحقیقی رپورٹ کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستانی کھانوں میں شامل ہونے والے متعدد مصالحے یا جڑی بوٹیاں متعدد طبی فوائد کی حامل ہیں۔ سونف عام طور پر روٹی اور کیک وغیرہ پر پکانے سے پہلے بکھیری جاتی ہے جبکہ پلائو اور سبزیوں وغیرہ کے لئے بھی اس کا استعمال ہوتا ہے، تاہم اس میں شامل اجزا بینائی کی کمزوری اور موتیا وغیرہ کی روک تھام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ سونف کی چائے کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اس سے دماغی افعال میں بہتری آتی ہے، مایوسی کم ہوتی ہے اور ڈیمنشیا جیسے مرض کا خطرہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔ میتھی کو سفوف یا پائوڈر کی شکل میں سالن اور دالوں وغیرہ میں استعمال کیا جاتا ہے، اس کے مستقل استعمال سے جسم میں خراب کولیسٹرول اور مضر صحت چربی کی شرح کم ہوتی ہے اور دل کے امراض یا ذیابیطس کے شکار افراد میں بلڈ شوگر کی سطح معمول پر رہتی ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ایک گرام میتھی کو پانی میں بھگو کر صبح اٹھ کر پی لینے سے جسمانی وزن بھی کم ہوتا ہے۔ ہلدی ہر طرح کے کھانوں کا رنگ و روپ سنوارنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے مگر یہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں سوجن یا ورم اور کینسر کی روک تھام جیسی خوبیاں بھی موجود ہیں۔ ہلدی کا جوس عالمی سطح پر اپنی اینٹی آکسائیڈنٹ خوبی کی وجہ سے بہت مقبول ہے جس سے دل کی شریانوں سے متعلق امراض کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ زیرہ کھانوں کا ذائقہ تو بڑھاتا ہی ہے مگر اس کا استعمال خون کے صحت مند خلیات کو نشانہ بنانے والے اجزا کی مقدار بھی کم کرتا ہے۔ اسی طرح اس کا روزانہ استعمال جگر کو زہریلے اثرات دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جبکہ گرم پانی کے ساتھ ایک چمچ زیرے کو نگلنے سے نظام ہاضمہ اور پیٹ کے درد میں بہتری آتی ہے۔ دار چینی بریانی، قیمہ اور دیگر مزیدار کھانوں میں شامل کی جاتی ہے بلکہ اسے کچھ میٹھے پکوان اور چائے وغیرہ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ خوشبودار مصالحہ مینگنیز اور ایسے کیمیائی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے جو ہڈیوں، پٹھوں اور ٹشوز وغیرہ کی نشوونما کے لئے فائدہ مند ہوتے ہیں، اس کے علاوہ یہ جوڑوں کے درد کے شکار افراد کے لئے بھی بہترین دوا ہے۔ دارچینی کا مستقل استعمال شوگر لیول کو کنٹرول میں رکھتا ہے اور جسم میں بیکٹیریا کے خلاف مدافعت بڑھاتا ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟