17 اگست 2019
تازہ ترین
 شوبز ستاروں کا مائوں کو خراج تحسین

 شوبز ستاروں کا مائوں کو خراج تحسین

 ماں خدا کی طرف سے ہم سب کو دیا ہوا انمول تحفہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مائوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس موقع پر جہاں عام لوگ اپنی مائوں سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں وہیں شوبزستاروں نے بھی اپنی مائوں کے ساتھ گزارے گئے حسین لمحے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرکے دنیا کی اس عظیم ہستی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ مہوش حیات نے اس خوبصورت موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم اکثر ماں کی اہمیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں  لیکن ماں ہونا آسان نہیں یہ دنیا کی سب سے مشکل جاب ہے، میری ماں بہت مضبوط خاتون ہیں، وہ اپنے بچوں کے لئے ایک سپاہی ہیں۔ اداکارہ ماورہ حسین نے ٹویٹر پر اپنی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بچپن سے اب تک اپنی ماں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا، اپنی پیدائش کے وقت سے آپ کا ہاتھ تھاما ہوا ہے، مجھے آپ سے بےحد محبت ہے، آپ کی عظمت کو سراہنے کے لئے الفاظ کافی نہیں ہیں۔ آپ ہمارے لئے خدا کی طرف سے دیاگیا خوبصورت اور انمول تحفہ ہیں، میں بہت خوش قسمت ہوں کہ آپ میری ماں ہیں۔ فرحان سعید نے اس خوبصورت موقع پرکہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں، بچپن سے وہ میری بہت سی باتیں میرے والد سے چھپاتی تھیں تاکہ میں وہ کرسکوں جو کرنا چاہتا ہوں اور کئی بار وہ ایسا ظاہر کرتی تھیں کہ انہوں نے میرے والد سے کچھ نہیں کہا تاکہ میں ڈر نہ جائوں۔ میرے والد بہت سخت مزاج نہیں تھے لیکن بچپن میں آپ والد سے زیادہ ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ماں نے مجھے وہ بنایا جو آج میں ہوں۔ لوگ کہتے ہیں ماں آپ کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے لیکن میرے لئے میری ماں پوری کائنات ہے۔ؤ ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ اگر میری ماں کی حمایت مجھے حاصل نہ ہوتی تو میں آج کچھ بھی نہیں ہوتی، میری ماں زندگی کے ہر موڑ پر میرے ساتھ کھڑی رہیں میری ماں میری طاقت ہیں۔ اداکار بلال عباس خان نے اپنی ماں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بہترین وقت وہ تھا جب میں نے اپنی ماں کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کی۔ ماڈل آمنہ بابر نے اپنی ماں کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی ماں کو سپر ہیرو قرار دیا اور ان کا زندگی کے ہر موڑ پر ساتھ کھڑے رہنے اور ہمیشہ حمایت کرنے پر شکریہ اداکیا۔ آمنہ بابر نے لکھا میری والدہ نے جو کچھ میرے لئے کیا ، میں اسے کبھی واپس نہیں لوٹاسکتی، میں اپنی ماں سے بے حد محبت کرتی ہوں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟