14 دسمبر 2019
تازہ ترین
روغن بادام بیشتر فوائد کا حامل

روغن بادام بیشتر فوائد کا حامل

 بادام کا تیل صدیوں سے افزائش حسن اور صحت کے لئے مستعمل ہے۔ چہرے پر بادام کے تیل کی مالش سے چہرہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔ یہ طریقہ ماضی میں بہت مقبول تھا خصوصاً شاہی گھرانے کی خواتین اسے اپنے معمول میں شامل رکھتی تھیں۔ موجودہ دور میں روغن بادام کا افزائش حسن کے حوالہ سے استعمال  میجک آف ایسٹ کے نام سے مغربی ممالک میں خاصی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔  یہ قبض کشا خاصیت رکھتا ہے۔ اسے  کھانسی، سینے کی جلن کے علاوہ گردوں، مثانے اور صفراوی نالیوں کی بے قاعدگیاں دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پٹھوں کی دکھن اور درد کے خاتمے کیلئے فائدہ مند ہے۔ علاوہ ازیں جلد کو نرم و ملائم بنانے اور رنگت صاف کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ بالوں کیلئے بھی مفید ہے۔ روغن بادام مختلف پکوانوں کا ذائقہ بہتر بنانے اور کنفیکشنری میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ کڑوے باداموں کا تیل اندرونی طور پر استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ اس میں پرسک ایسڈ، ہائیڈرو سایانک ایسڈیا سایا نائیڈ پایا جاتا ہے جو کہ زہر ہے۔ روغن بادام کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چند ایک قارئین دنیا کی نذر ہیں۔ روغن بادام میں ایچ ڈی ایل کو بڑھانے اور ایل ڈی ایل کو گھٹانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق بادام کے تیل میںسیچیوریٹڈ فیٹ کے ساتھ فائبر اور دیگر منرلز پائے جاتے ہیں جو ناصرف کولیسٹرول کم کرنے بلکہ دل کے امراض اور شوگر سے بھی بچاتے ہیں۔ روغن بادام اپنی اینٹی انفلیمنٹری اور اینٹی آکسیڈیٹو خصوصیات کے سبب وزن کم کرنے میں مددگار رہتا ہے۔ ریسرچ کے مطابق جو لوگ روزمرہ کی بنیاد پر اپنی غذا میں بادام کے تیل کا استعمال کرتے ہیں ان کے وزن میں نمایاں کمی ہوتی ہے بہ نسبت ان لوگوں کے جو اسکا استعمال نہیں کرتے۔ بادام کا تیل آنتوں کی صحت کے لئے بے حد مفید رہتا ہے۔ یہ آنتوں کے کینسر سے بچاتا ہے۔ اگر آپ کو قبض یا آنتوں کی دیگر تکالیف کا سامنا ہے تو آپ بادام کے تیل کو دودھ یا سلاد میں ملا کر کھائیں۔  یہ انتہائی تکلیف دہ درد ہے، خصوصاً بچوں میں، کان کے درد میں آپ بادام کا تیل نیم گرم کرکے دو قطرے ڈال سکتے ہیں، یہ نقصان دہ نہیں ہے۔ بادام کا تیل سکن کلینزنگ کے لئے بہترین ہے۔ کاٹن کی مدد سے آپ اگر بادام کے تیل سے کلینزنگ کریں تو یہ آرام سے جلد میں جذب ہو کر اندرونی طور پر بھی جلد کی کلینزنگ کرتا ہے۔ میک اپ اتارنے کے لئے بھی آپ اس آئل کو آرام سے استعمال کر سکتی ہیں۔ بادام کے تیل میں پائی جانے والی وٹامن اے کی خصوصیات جلد کو دانوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر اس کا استعمال جاری رکھیں تو جلد کو دانوں سے پاک رکھ سکتی ہیں۔ آنکھوں کے گرد حلقے ساری خوبصورتی کو گہنا دیتے ہیں۔ صرف بادام کے تیل سے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ روز رات میں نیم گرم بادام کے تیل سے آنکھوں کے گرد مساج کرنے سے ناصرف حلقے بلکہ اگر آنکھوں کے گرد سوجن ہو تو وہ بھی چلی جاتی ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟