24 اگست 2019
تازہ ترین
پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا آج پہلا میچ

پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا آج پہلا میچ

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 5 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز آج سے اوول میں ہورہا ہے جبکہ زخم خوردہ گرین شرٹس نے فیصلہ کن مشقوں کیلئے آستینیں چڑھالیں۔ پاکستانی ٹیم نے دورہ انگلینڈ کے آغاز پر ٹور میچز میں اچھا کھیل پیش کیا، مگر میزبان سائیڈ کے خلاف واحد ٹوینٹی 20 میچ میں قدم لڑکھڑا گئے، بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ بیٹنگ پر بائولنگ اٹیک نے پانی پھیر دیا جو حریف کپتان ایون مورگن کو قابو کرنے میں ناکام رہا تھا۔ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز دونوں ٹیموں کیلئے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو جانچنے کیلئے فل ڈریس ریہرسل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگرچہ انگلش ٹیم پہلے ڈبلن میں آئرلینڈ اور پھر کارڈف میں مختصر ترین فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف کامیابی سے اپنے حوصلے بلند کرچکی، مگر گرین شرٹس کے ہاتھوں بڑے میچز میں رسوائی کا شکار ہونے کا سب سے تلخ تجربہ بھی اسی ٹیم کو ہی حاصل ہے، اسے1992ورلڈ کپ فائنل کے بعد 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں شکست کی صورت میں دہرا گھائو برداشت کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ سے پہلے ون ڈے میں ٹاپ آرڈر پر ایک بار پھر فخرزمان اور امام الحق یکجا ہوں گے، عماد وسیم فرنٹ لائن اسپنر کا کردار نبھا سکتے ہیں، یاسر شاہ کو بینچ پر بیٹھنا پڑے گا، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ تیسری سیم بولنگ پوزیشن کیلئے محمد عامر اور حسنین میں مقابلہ ہوگا۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میزبان ٹیم خاصی مضبوط اور اس کی گزشتہ ڈیڑھ سال میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے، فتح کیلئے ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی، ہماری کوشش ہوگی کہ ون ڈے سیریز میں بہتر پرفارمنس کی بدولت بلند اعتماد کے ساتھ ورلڈکپ میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستانی بائولرز کی کارکردگی خراب نہیں رہی، میزبان کپتان ایون مورگن نے ہوا کا رخ اور چھوٹی بائونڈری کو دیکھتے ہوئے موزوں سٹروکس کھیلے، پاکستانی بائولرز اچھے ردھم میں ہیں، ایک روزہ میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟