23 جولائی 2019
تازہ ترین
پی سی بی میں بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان

پی سی بی میں بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان

ورلڈکپ میں شکست پر بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان روشن ہوگیا جبکہ سلیکشن کمیٹی اور کوچز کو گھر جانا پڑے گا۔ انگلینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہ بنا سکی، غیر معیاری کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا، یہ بات تو یقینی ہے کہ انضمام الحق کی زیر سربراہی سلیکشن کمیٹی اب برقرار نہیں رہے گی۔ بورڈ کی جانب سے جلد ان کی  خدمات کو خراج تحسین ادا کرنے کی پریس ریلیز سامنے آ سکتی ہے، ان کی جگہ سنبھالنے کیلیے بعض سابق کرکٹرز کے نام زیر غور ہیں البتہ ابھی کسی کو فائنل نہیں کیا گیا، انضمام سے موجودہ بورڈ حکام خوش نہیں اور ورلڈکپ سے قبل ہی انہیں بتا دیا گیا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہوں معاہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کے بھی برقرار رہنے کا امکان کم ہے، ابھی پی سی بی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ نیا کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی لندن میں مکی آرتھر سے ملاقات ہوگی، جس میں ان کے مستقبل پر بات ہونی ہے، ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ تبدیلی چاہتا ہے۔ اسی طرح کپتان سرفراز احمد کا مستقبل بھی غیریقینی کا شکار ہے، البتہ مناسب متبادل موجود نہ ہونے کی وجہ سے شاید ان کے حوالے سے فیصلے میں تاخیر ہو جائے، ذرائع نے بتایا کہ مکی آرتھر اور سرفراز دونوں کی خواہش ہے کہ بدستور فرائض نبھاتے رہیں مگر بورڈ نے کسی قسم کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا ہے۔ انگلینڈ میں آئی سی سی میٹنگز سے فراغت کے بعد ایم ڈی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے، فی الحال آئندہ کچھ ماہ پاکستانی ٹیم کی بھی کوئی مصروفیت نہیں لہٰذا بورڈ جلد بازی میںکوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟