پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک اور دیگر کھلاڑیوں کی پاک بھارت میچ سے ایک رات قبل کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کی تردید کردی۔ پی سی بی کی جانب سے شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی دیگر قومی کرکٹرز کے ساتھ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پر وضاحت جاری کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑی میچ سے دو روز قبل فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ کی اجازت سے باہر گئے تھے اور یہ ویڈیو اسی روز کی ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق کھلاڑی میچ کی رات ہوٹل میں ہی موجود تھے اور کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی۔ بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پی سی بی نے کہا ہے کہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیں گے، ورلڈکپ کے بعد کپتان، سلیکٹرز اور کوچزکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائےگا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی اگلی کمٹمنٹ ستمبر اور اکتوبر میں ہے، سوچ سمجھ کر فیصلے ہوں گے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہوسکتے۔