22 اکتوبر 2019
تازہ ترین
کسی کو میرا احتساب کرنے کا حق نہیں، احسن

کسی کو میرا احتساب کرنے کا حق نہیں، احسن

پاکستانی اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ رمضان ٹرانسمیشن کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ابھی تو اسلام کے بارے میں بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ اداکار احسن خان دیگر شوبز ستاروں کی طرح رواں سال نجی ٹی وی چینل سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں۔ تاہم شوبز سے وابستہ افراد کا رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کا موضوع ہمیشہ ہی سوشل میڈیا پر زیر بحث رہا ہے اور بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اداکارائوں کو رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی نہیں کرنی چاہئے۔ اسی حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران احسن خان نے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے اپنے دل کی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح رمضان ٹرانسمیشن کے بعد انہیں احساس ہوا کہ انہیں اسلام کے بارے میں ابھی مزید سیکھنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ میں سکالر بننے کی اداکاری کر رہاہوں، بلکہ میں سکالرز اور ناظرین کے درمیان ایک پل کاکام کرتا ہوں اور سکالرز سے ایسے سوالات کرتا ہوں جس میں لوگوں کی دلچسپی ہوتی ہے۔ کئی لوگوں کی جانب سے شوبز فنکاروں پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرنے پر تنقید کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوچتے ہیں کہ میں ایک اداکار ہوں اس لئے اچھا مسلمان نہیں ہوں، لیکن کسی کو بھی میرا احتساب کرنے کا کوئی حق نہیں، میں ایسے لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں یہ  سوچنے کا حق کس نے دیا کہ میں کیسا مسلمان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی ذہنیت تبدیل کرنے کی اور زندگی کے ہر معاملے میں لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟