20 ستمبر 2019
تازہ ترین
جتنے مقدمے بنانے ہیں بنا لیں پیپلز پارٹی نہیں جھکے گی ، بلاول

جتنے مقدمے بنانے ہیں بنا لیں پیپلز پارٹی نہیں جھکے گی ، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جتنا دبائو ڈالنا ہے ڈال لیں، جتنے مقدمے بنانے ہیں بنا لیں لیکن پیپلز پارٹی جھکنے اور بکنے والی نہیں ہے۔ لاہور میں پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جھکنے اور بکنے والی جماعت نہیں، جتنا دبائو ڈالنا ہے ڈال لیں، 18 ویں ترمیم، لاپتہ افراد اور سول کورٹس کے معاملے پر اپنا موقف تبدیل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نظریے، اصولوں اور منشور پر سمجھوتہ نہیں کرتے، یوٹرن نہیں لیتے، 18 ویں ترمیم، لاپتہ افراد اور سول کورٹس کے حوالے سے اپنا موقف نہیں بدلیں گے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لئے جدوجہد کی ہے اور کریں گے۔ وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نالائق وزیراعظم نے سب سے بڑے صوبے کے لئے نالائق وزیراعلی چنا، جسے ہاتھ ملانے کا نہیں پتہ وہ حکومت کیسے چلا سکے گا۔  انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو گرفتار کئے جانے کے باوجود ہم نے موقع دیا کہ عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا تو ہم سپورٹ کریں گے، خان صاحب نے آئی ایم ایف کے پاس جا کر پورے ملک کو معاشی خود کشی کرا ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معاشی حملے، پنجاب کے عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے، پرانے پاکستان میں پنجاب کا بجٹ 600 ارب ہوتا تھا، اب 230 ارب کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیروں کے لئے ریلیف، ایمنسٹی اور بیل  آئوٹ لیکن غریبوں کے لئے مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں، اس کے خلاف آواز بلند کرنا ہم پر فرض ہے، پیپلز پارٹی اس معاشی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گی، عوام دشمن بجٹ منظور ہوا تو پیپلز پارٹی سڑکوں پر نکلے گی۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟