19 ستمبر 2019
تازہ ترین
 جلد بازی میں فیصلے نہیں کریں گے، مانی

 جلد بازی میں فیصلے نہیں کریں گے، مانی

 ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور وہ سیمی فائنل میں بھی جگہ نہ بنا سکی، اب یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر عہدوں پر برقرار نہیں رہیں گے۔ اس حوالے سے ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کی کارکردگی کو ہر لحاظ سے پرکھا اور اگلے 4 سال کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کئے جائیں گے،ان میں کپتان کی تقرری بھی شامل ہوگی، ہم جلد بازی میں فیصلے نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر نے مجھ سے پیر کو ملاقات کی تھی، اس میں ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بات ہوئی، یہ تاثر قطعاً درست نہیں کہ معاہدے میں ایک سال کی توسیع کے بارے میں کوئی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف کی تقرریاں میرے چیئرمین بننے سے پہلے کی گئی تھیں، چونکہ پاکستانی ٹیم گزشتہ ستمبر سے مسلسل کرکٹ کھیلتی آرہی ہے لہٰذا میں نے کسی قسم کی تبدیلی کو مناسب نہیں سمجھا۔ انہوںنے کہا کہ یہ توقع کی جا رہی تھی کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا، ابتدائی میچز میں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف ٹیم اچھا نہ کھیل سکی لیکن اس کے بعد بہتر کارکردگی دکھائی، جس سے اندازہ ہوا کہ پاکستان دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتا ہے تاہم پلیئرز میں ذہنی پختگی کی کمی پر کام ہونا چاہئے۔ دوسری جانب سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ ٹیم کیلئے مکی آرتھر کی خدمات حاصل کرنے پر غور کرنے لگا،ان کا پی سی بی کے ساتھ معاہدہ ختم ہو چکا ، ورلڈکپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد اس میں توسیع  بھی یقینی نہیں ہے۔ پی سی بی نے کوچ پر واضح کر دیا کہ انہیں طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا،اشتہار آنے پر درخواست دیں پھرکرکٹ کمیٹی کوئی فیصلہ کرے گی، آرتھر پاکستانی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتے ہیں اور کئی بار اس کا برملا اظہار بھی کر چکے، ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئی پی ایل سے پیشکش ہے،اب سری لنکا نے بھی ان کی خدمات لینے میں دلچسپی دکھا دی۔ مگر بورڈ ان کی جگہ کسی غیرملکی کوچ کا تقرر کرنا چاہتا ہے۔ اس حوالے سے مکی آرتھر کے ساتھ پال فیبرائس کا نام بھی لیا جانے لگا جو ماضی میں بھی سری لنکن کھلاڑیوں کی کوچنگ کر چکے، بیٹنگ کوچ ممکنہ طور پر اینڈی فلاور ہوں گے، جونیئر ٹیم کے ساتھ منسلک چمندا واس کو سینئر سکواڈ کا بائولنگ کوچ بنانے پر غور ہو رہا ہے، سری لنکن سلیکٹرز کی پوزیشنز بھی خطرے میں ہیں، اشانتھا ڈی میل کو برقرار رکھتے ہوئے دیگر فل ٹائم سلیکٹرز کا تقرر ہوگا۔ وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو مہیلا جے وردنے کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ بنانا چاہتے ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟