24 مئی 2019
تازہ ترین
بیٹنگ کا جارحانہ انداز نہیں بدلوں گا، فخر زمان

بیٹنگ کا جارحانہ انداز نہیں بدلوں گا، فخر زمان

 فخر زمان نے کہا ہے کہ تکنیک پر کام ضرور کیا مگر جارحانہ انداز نہیں بدلوں گا۔ ایک انٹرویو میں فخر زمان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی مصروفیات کے دوران تکنیک اور مہارت پر کام کرنے کا موقع کم ہی ملتا ہے، اگر کچھ سیکھنے کی کوشش کرو بھی تو  اگلے ہی روز میدان میں اترنا ہوتا ہے، آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں آرام دیا گیا تو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تکنیک بہتر بنائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھی آفتاب خان اور کبیر خان گزشتہ 7 سال سے مجھے کھیلتا دیکھ رہے ہیں، ان کی معاونت اور رہنمائی سے بیٹنگ میں نکھارلانے کیلئے کام کیا، کافی بہتر محسوس کررہا ہوں، تکنیک بہتر ضرور بنائی لیکن اپنا انداز تبدیل نہیں کروں گا، اپنے مزاج کے مطابق جارحانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا، پرستاروں کی توقعات کا علم ہے، ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کرنے کی ضرورت تھی،گھٹنے کی انجری اور تکنیکی مسائل پر کام کرنا تھا،کسی ایک سیریز میں نہ کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹرز کی فارم پر کوئی اثر نہیں پڑتا، انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میچز میں بھی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، تازہ دم اور ورلڈکپ میں پرفارم کرنے کیلئے بیتاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ پر دنیا کی نگاہیں مرکوز ہوتی ہیں، ہمارے لئے بھی یہ مقابلہ اہم ہوگا، ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹ میں بڑا میچ ہوتو توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں،ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے لیکن ہمیں ہر میچ بڑے جذبے کیساتھ کھیلنا اور بھرپور قوت کیساتھ تمام حریفوں سے ٹکرانا ہے، ٹیم کا ماحول بڑا اچھا اور کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے پر جوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بائی چانس ہے لیکن پی ایس ایل کے گزشتہ 4ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کی صورتحال تبدیل نہیں ہوئی، کوئی نہ کوئی وجوہات تو ہوں گی، مینجمنٹ کو بیٹھ کر سوچنا اور سنجیدہ فیصلے کرنا چاہئیں کہ کہاں غلطیاں ہورہی ہیں جن میں سدھار لاکر کارکردگی میں بہتری آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی قیادت ایک اچھا تجربہ تھا، بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، مستقبل میں کسی بھی موقع پر کپتانی کرتے ہوئے یہ تجربہ کام آئے گا۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟