19 نومبر 2019
تازہ ترین
بالوں کو گرنے سے روکنے والے پھل

بالوں کو گرنے سے روکنے والے پھل

بالوں کے ایک ماہر کے مطابق اگر آپ کے بال تیزی سے گررہے ہیں تو پانچ ایسے پھل اس عمل کو سست کرسکتے ہیں جو خشکی سے بچاتے ہیں اور بالوں موٹا کرتے ہیں۔ بالوں کے بین الاقوامی ماہر ڈاکٹر بشر بزرا کہتے ہیں کہ اگرچہ مردوزن میں بالوں کے گرنے کی سب سے بڑی وجہ موروثی یا جینیاتی ہے لیکن اس سے ہٹ کر اگر بال تیزی سے گررہے ہوں تو پپیتے، انناس، سیب ، کیوی اور آڑو میں موجود قدرتی اجزا بالوں کو باریک اور کمزور ہونے سے روکتے ہیں۔ ڈاکٹر بشر کے مطابق سرخ گوشت، مچھلی، پھلیاں، انڈے اور دودھ کے مصنوعات میں موجود بعض امائنو ایسڈز جلد کے پروٹین کولاجن کو صحت مند حالت میں رکھتے ہیں۔ لیکن یہ امائنو ایسڈ اس وقت اپنا اثر دکھاتے ہیں جب ان کے ساتھ وٹامن سی کا استعمال کیا جائے جو امائنو ایسڈ کو بدن کا جزو بناتا ہے۔ پپیتہ وٹامن سی کا خزانہ ثابت ہوتا ہے۔ ایک بڑے پپیتے میں 235 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے جس کی مقدار دو نارنجیوں کے برابر ہوتی ہے۔ انناس میں فری ریڈیکلز کو کم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس میں وٹامن بی 6، مینگانیز اور وٹامن سی بھرپور ہوتا ہے۔ یہ تمام اشیا بزرگ اور عمررسیدہ افراد کے سر میں بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتی ہیں۔ بالوں کی صحت کھوپڑی میں نمی سے وابستہ ہے اور اسی لئے لوگ ہزاروں برس سے سر میں تیل ڈالتے آرہے ہیں۔ تاہم قدرت نے بالوں کی جڑوں میں ایک قدرتی روغن سیبم بھی رکھا ہے جو بالوں کو نم اور چکنا رکھتا ہے لیکن سیبم کم ہوجائے تو بال متاثر ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ یہاں آڑو اس کمی کو پورا کرتے ہیں کیونکہ ان میں وٹامن اے اور سی موجود ہوتا ہے۔ یہ دونوں قدرتی موئسچرائزر ہیں۔ کیوی پھل اب پاکستان میں بکثرت دستیاب ہے ۔ اس میں کئی طرح کے وٹامن اور فلے وی نوئڈز، اینٹی آکسیڈنٹ، اور بیٹا کیروٹین کے علاوہ ، لیوٹائن اور زینتھن پائے جاتے ہیں۔ یہ سب ملکر جلد اور بالوں کو نمدار بناتے ہیں۔ کیوی میں زنک ، فاسفورس اور میگنیشیم بھرپور موجود ہوتا ہے جو سر میں خون کے دوران کو بہتر بناتے ہیں اور بالوں کی تیز نشوونما ہوتی ہے۔ وٹامن اے ، بی اور سی سیب میں خوب موجود ہوتا ہے۔ یہ سب مل کر جلد کو نمدار اور خشکی سے پاک رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹس خلوی سطح تک ٹوٹ پھوٹ کو روکتے ہیں۔ 2002 میں جاپانی تحقیق سے ثابت ہوا تھا کہ سیب کے بعض اجزا نکال کر ان کا استعمال کیا جائے تو اس سے بالوں کی دوبارہ افزائش شروع ہوجاتی ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟