17 ستمبر 2019
تازہ ترین
یاسر اور اقرا کے تھائی لینڈ میں سیر سپاٹے

یاسر اور اقرا کے تھائی لینڈ میں سیر سپاٹے

اداکار و میزبان یاسر حسین اور ان کی قریبی دوست و اداکارہ اقرا عزیز تھائی لینڈ کی سیر ساتھ کرنے پر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں جس پر یاسر حسین نے ناقدین کو جیو اور جینے دو کا مشورہ دے دیا۔ یاسر حسین اور اقرا عزیز کے درمیان گزشتہ برس سے قریبی تعلقات ہیں جس کا اعتراف دونوں کئی مرتبہ سوشل میڈیا سمیت دیگر انٹرویوز میں کرچکے ہیں۔ دونوں تقریبات میں اکثر ساتھ دکھائی دیتے ہیں اور اس وقت دونوں گرمیوں کی چھٹیاں انجوائے کرنے کے لئے ایک ساتھ تھائی لینڈ کی سیر پر ہیں۔ یاسر حسین نے اقرا عزیز کے ساتھ جہاز کی تصاویر شیئر کیں اور تھائی لینڈ ایئرپورٹ پر بنائی گئی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس پر کچھ مداحوں نے دونوں کی جلد شادی کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ کچھ نے یاسر اور اقرا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کیا یہ شادی شدہ ہیں؟ یہ لوگ تو ایسے سیر کر رہے ہیں جیسے شادی شدہ جوڑا، کیا ان کے والدین کچھ نہیں کہتے حیرت ہے۔  ایسے میں یاسر حسین نے ناقدین کو ایک ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جواب دیا کہ نفرت انگیز تبصرے بند کرو اور انجوائے کرو۔ انہوں نے تھائی لینڈ کے خوبصورت سمندر پر اقرا عزیز کے ساتھ بالی وڈ فلم ہم ہیں راہی پیار کے کے ایک گانے  گھونگھٹ کی آڑ سے پر ٹک ٹاک ویڈیو بنائی جسے سب سے شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ یاسر حسین اقرا عزیز کیلئے گنگناتے ہیں اور وہ ان کے جواب میں گانے کے دوسرے بول گنگناتی ہیں۔ یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یاسر حسین نے سب سے کہا کہ مجھے یہ گانا بہت پسند ہے اس لئے میں نے یہ ٹک ٹاک بنایا۔ انہوں نے کہا کہ انجوائے کریں اور نفرت انگیز تبصرے کرنا بند کردیں، جل جل کے جلد کیوں خراب کرنی ہے۔ یاسر حسین نے آخر میں ناقدین کو مشورہ دیا کہ جیو اور جینے دو، ورنہ میرا اسسٹنٹ بلاک کردے گا، پھر کیسے دیکھو گے اور کہاں کمنٹ کروگے، اس لئے خوش رہیں اور خوش رہنے دیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟