05 دسمبر 2019
تازہ ترین
ایوارڈز کی حمایت ، میشا کی ایمان علی پر تنقید

ایوارڈز کی حمایت ، میشا کی ایمان علی پر تنقید

 گلوکارہ میشا شفیع نے بالواسطہ طور پر ماڈل و اداکارہ ایمان علی کو ایوارڈ کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایوارڈ تنازع ہرگزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جارہاہے، شوبز فنکار ایوارڈ معاملے پر دوحصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں آدھے ایوارڈ کی حمایت میں آواز بلند کر رہے ہیں جبکہ باقی فنکاروں نے احتجاجاً ایوارڈز کا ہی بائیکاٹ کر دیاہے۔ ایوارڈ کی حمایت اور مخالفت کرنے والی شوبز شخصیات ایک دوسرے پر سوشل میڈیا کے ذریعے طنز کے تیر برسانے میں مصروف ہیں۔ چند روز قبل پاکستان شوبز کی نامور ماڈل و اداکارہ ایمان علی نے لکس سٹائل ایوارڈ کی مخالفت کرنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوارڈ کا بائیکاٹ کرکے یہ فنکار دراصل راتوں رات شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہاتھا کہ ہم لوگ بہت جلدی چیزوں کے بارے میں رائے قائم کرلیتے ہیں اور فوراً نتائج اخذ کر لیتے ہیں، سوشل میڈیا کے اس دور میں اس پیلٹ فارم کے ذریعے کسی کی بھی زندگی اور  کام کو منٹوں میں تباہ کیا جاسکتا ہے۔ ایمان علی نے اس پوسٹ کے ذریعے بالواسطہ طور پر ان تمام لوگوں پر تنقید کی تھی جنہوں نے ایوارڈ کا بائیکاٹ کیا ۔ گلوکارہ میشا شفیع نے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے ایمان علی پر بالواسطہ(نام لئے بغیر) وار کرتے ہوئے لکس سٹائل ایوارڈ کا سب سے پہلے بائیکاٹ کرنے والی ماڈل ایمان سلیمان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا  کہ شوبز ٹائون میں ایک نئی ایمان(سلیمان) ہے، جو صرف باہر سے ہی خوبصورت نہیں ہے، وہ جس بات پر قائم ہے وہ بہت شاندار ہے۔ یہ ایمان پرانی والی سے کہیں بہتر ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟