23 جولائی 2019
تازہ ترین
انجیر ہڈیوں کی نشو ونما کیلئے فائدہ مند

انجیر ہڈیوں کی نشو ونما کیلئے فائدہ مند

 انجیر صدیوں سے میٹھے کھانوں میں استعمال ہو تی آرہی ہے۔ انجیر میں قدرتی طور پر بہت زیادہ چینی، منرلز اور قابل  حل فائبر ہوتا ہے۔ اس کے منرلز میں پوٹاشیم، کیلشیم ، میگنیشیم، فولاد اور تانبا ہوتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامن اے اور وٹامن کے کا بھی زبردست ذریعہ ہے، جو آپ کو صحت مند رکھنے میں بہت کام کرتے ہیں۔ یو ایس ڈی اے نیشنل نیوٹریئنٹ ڈیٹا بیس کے مطابق ان سے ہڈیوں کی مضبوطی بڑھتی اور فشار خون میں کمی آتی ہے۔ خشک انجیر میں فینول اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں، جو صحت کو بہتر رکھنے کے کام آتے ہیں۔ انجیر میں موجود فائبر وزن کم کرنے میں مدد کرتاہے اور اکثر فربہ لوگوںکو اس کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔ امریکا کی یونیورسٹی آف سکرینٹن میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق خشک میوہ جات خاص طور پر انجیر غذائی افادیت حاصل کرنےکا آسان اور بہترین ذریعہ ہے لیکن چونکہ اس میں شکر کی زائد مقدار ہوتی ہے تو اس کے زیادہ استعمال سے وزن بھی بڑھ سکتاہے، خاص طور پر جب اسے دودھ کے ساتھ استعمال کیا جائے۔ تحقیق سے پتہ چلاہے کہ انجیر کیلشیم سے بھرپور ہوتاہے، جو ہماری ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ اس سے ہڈیوں کے بھربھرے پن یعنی آسٹیو پروسس کا خطرہ بھی کم ہوتاہے اس کے علاوہ اس میں فاسفورس بھی ہوتاہے، جو ہڈیوں کی نشوونما اور ان کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے میں مدد کرتاہے۔ انجیر کا جام بھی کیلشیم کے حصول میں کردار ادا کرتاہے۔ بہت سے لوگ نمک کی شکل میں سوڈیم لیتے ہیں لیکن کم مقدار میں پوٹاشیم جبکہ سوڈیم کی زائد سطح ہائپر ٹینشن کا باعث بن سکتی ہے۔ انجیر میں پوٹاشیم زیادہ اور سوڈیم کم ہوتاہے، اس لئے یہ ہائپرٹینشن کا عمدہ دفاع کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ایسا پھل ہے، جس سے جسم کو راحت ملتی اور اعصابی نظام عمدگی سے کام کرتاہے۔ امریکا کی یونیورسٹی آف سکارنٹن کی ایک سٹڈی کے مطابق انجیر میں خاص مقدار میں اچھا فائبر موجود ہوتاہے۔ یہ معدے کے افعال کو بہتر کرتے ہوئے جسم کو صحت مند رکھتا اور قبض سے بچاتاہے۔ اس کے علاوہ یہ معدے کے افعال میں بہتری لاتے ہوئے ڈائیریا اور بواسیر جیسے عوارض سے بھی محفوظ رکھنے میں مدد کرتاہے۔ انجیر میں موجود لیس دار مادے (Mucilage) کی زائد مقدار گلے کی سوزش کو ٹھیک کرنے اور اس سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔ اس پھل کی آرام پہنچانے والی خاصیت گلے کی نالیوں کے سٹریس کو سکون پہنچانے میں بھی بہت کام آتی ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟