08 دسمبر 2019
تازہ ترین
 انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال

 انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال

اضافی ٹیکس اور اس حوالے سے حکومتی پالیسی کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر کے تاجر ہڑتال کر رہے ہیں۔ کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں تاجروں نے کاروبار جزوی طور پر بند کر رکھے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ سینئر نائب صدر انجمن تاجران سندھ نے آج صوبے بھر میں شٹرڈائون ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، آج کی ہڑتال وفاقی حکومت کو آئینہ دکھا دے گی۔ کراچی میں انجمن تاجران، تاجر ایکشن کمیٹی اور صدر طارق روڈ الائنس کی کال پر آج مارکیٹیں بند رہیں گی جبکہ شہر کی چھوٹی بڑی دکانیں بھی بند ہیں۔ سندھ میں ٹھٹھہ، نوابشاہ، حیدرآباد، گھارو، دھابے جی، گجو، مکلی اور میرپور ساکری میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ ہڑتال کے باعث کراچی، حیدرآباد اور سکھر جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہیں۔ گوجرانوالہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ، وطنی، نوشہرو فیروز، وہاڑی، میاں چنوں راولپنڈی، خانیوال، غلہ منڈی اور  سبزی منڈی میں بھی بازار مکمل طور پر بند ہیں۔ قصور، راجن پور اور شورکٹ میں بھی انجمن تاجران کی جانب سے ٹیکسز کےخلاف مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہے۔ ملتان میں آل پاکستان انجمن تاجران، ٹریڈرزالائنس، چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی جانب سے ہڑتال کی کال پر کاروبار بند ہے۔ ملتان کے علاقے گھنٹہ گھر،حسین آگاہی،گلگشت، ممتازآباد، گلشن مارکیٹ میں تمام دکانوں پر تالے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تاجر برادری کی جانب سے ٹیکسس میں اضافے کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال جاری ہے۔ نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، ٹانک اور حویلیاں میں بھی پاکسان انجمن تاجران کی کال پر مارکیٹیں اور چھوٹی بڑے کاروباری مراکز بند ہیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ٹیکسز کےخلاف تاجروں کی مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہے جس کے باعث آبپارہ، سپر، جناح سپر،م یلوڈی، کراچی کمپنی، جی ٹین اور جی الیون سیمت تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں ہڑتال کے معاملے پر تاجر برادری دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، اور انجمن تاجران اور پاکستان ٹریڈرز الائنس نے علیحدہ علیحدہ دھڑے بنا لئے۔ پاکستان ٹریڈرز الائنس ہال روڈ، مال روڈ، لبرٹی مارکیٹ، بیڈن روڈ، اچھرہ، فیروزپورروڈ، صرافہ مارکیٹ اور جیل روڈ پر دکانیں بند ہیں جبکہ انارکلی، بادامی باغ، منٹگمری روڈ، میکلوڈ روڈ، نکلسن مارکیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ میں کاروبار جزوی کھولنے کا اعلان کیا گیا ۔ کیمسٹ ریٹیلرز نے مارکیٹیں اور دکانیں کھلی رکھنے کا عندیہ دیا ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن نے 17 جولائی تک ہڑتال مو خر کر دی ۔ ملک بھر کی تاجر برادری نے کہا  ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکریٹری  نے کہا  تھا کہ ہڑتال سے بھاگنے والے تاجر تاجروں کے غدار ہوں گے، ہڑتال اب ہماری نہیں ملک بھر کے 31 لاکھ تاجروں کی ملکیت ہے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟