11 دسمبر 2019
تازہ ترین
انضمام الحق کا اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

انضمام الحق کا اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق  نے کہا ہے کہ 3 سال تک بھرپور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، 30 جولائی تک اپنی مدت پوری ہونے پر عہدے سے الگ ہو جائوں گا۔ انضمام الحق نے کہا کہ میں ایک کرکٹر ہوں اور میرا روزگار اسی پیشے سے وابستہ ہے، اگر کرکٹ بورڈ نے مجھے کوئی مختلف ذمہ داری دی تو میں ضرور دیکھوں گا لیکن سلیکشن کمیٹی کے لیے مزید کام سے معذرت کر چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی خوشی سے دستبردار ہونے کا اعلان کر رہا ہوں، خواہش ہے پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان کرے۔ قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی کے حوالے بات کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو بطور کرکٹر بہتر سجھتا ہوں، ہم نے جس طرح آخری 4 میچز جیتے وہ سب کے سامنے ہے، پاکستان نے فائنل کھیلنے والے دونوں ٹیموں کو ہرایا، ہماری ٹیم اور کارکردگی اچھی رہی لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ انضمام الحق نے کہا کہ ماہرین نے پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں شامل کیا تھا لیکن ٹورنامنٹ کے آخر میں وکٹیں مشکل ہو گئی تھیں جس کا اعتراف نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے بھی کیا۔ شعیب ملک سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کہا کہ شعیب ملک گزشتہ تین سال سے بہترین پرفارم کر رہا تھا جس کی بنیاد پر انہیں ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا، شعیب ملک اچھا کھلاڑی ہے لیکن بدقسمتی سے ورلڈکپ میں پرفارم نہیں کر سکا، اگر وہ اچھا کھلاڑی نہ ہوتا تو پاکستان کے لیے 19 سال نہ کھیلتا۔ قومی بلے باز امام الحق کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ جب میں سلیکشن کمیٹی میں نہیں تھا تو 2012 میں امام الحق انڈر 19 کی ٹیم میں تھا، امام انڈر19 کا نائب کپتان بھی تھا، اس وقت بھی میں چیف سلیکٹر نہیں تھا۔ انضمام الحق نے کہا کہ کھلاڑی تعلقات سے نہیں کارکردگی سے منتخب ہوتا ہے، گرانٹ فلاور اور مکی آرتھر نے کہا تھا کہ امام کو ٹیم میں ہونا چاہیے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟