11 دسمبر 2019
تازہ ترین
امریکی ویزے کیلئے سوشل میڈیا کی معلومات فراہم کرنا ضروری

امریکی ویزے کیلئے سوشل میڈیا کی معلومات فراہم کرنا ضروری

 امریکا کے نئے قوانین کے مطابق امریکی ویزے کے لئے درخواست گزار کو اپنے سوشل میڈیا کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق تمام افراد کو امریکی ویزے کے لئے سوشل میڈیا کی معلومات، پانچ برسوں سے زیر استعمال ای میل آئی ڈی اور فون نمبر درج کروانا پڑے گا۔ کچھ سفارتکاروں اور سرکاری حکام کو نئے قوانین سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ امریکا میں ملازمت یا تعلیم کے حصول کے لئے آنے والے افراد کو یہ تمام معلومات فراہم کرنا لازم ہوں گی۔ نئے قوانین کے اطلاق سے قبل گزشتہ برس تخمینہ لگایا گیا تھا کہ اس اقدام سے ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ قانونی طور پر امریکا آنے والوں کی سکریننگ کے طریقہ کار کو مسلسل بہتر بنانے کے لئے میکانزم پر کام کیا جارہا ہے تاکہ امریکی شہریوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل یہ تمام معلومات صرف ان افراد کو فراہم کرنا پڑتی تھیں جہاں دہشت گرد تنظمیں سرگرم تھیں، تاہم اب ہر درخواست گزار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں درج اپنے اکائونٹس کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس حوالے سے امریکی حکام کا دی ہل اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر کوئی درخواست گزار سوشل میڈیا کی معلومات جھوٹی بتائے گا تو اسے سخت امیگریشن کے مسائل سے گزرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکا آنے والے مسافروں کے سوشل میڈیا اکائونٹس کی معلومات سے متعلق سفارشات گزشتہ برس مارچ میں پیش کی گئی تھیں تاہم اس وقت شہری حقوق کے لئے کام کرنے والے گروپ  دی امریکن سول لیبرٹیس یونین کا کہنا تھا کہ  اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ فائدہ مند ثابت ہوگی، اس سے لوگ خود کو آن لائن سینسر کرنا شروع کر سکتے ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟