05 دسمبر 2019
تازہ ترین
 ایک جھوٹی لو سٹوری کی عکس بندی مکمل

 ایک جھوٹی لو سٹوری کی عکس بندی مکمل

پاکستان میں ویب سیریز کا تیزی سے رجحان بڑھتا جارہا ہے اور ڈائریکٹر وجاہت رئوف کی عنایا کے بعد ڈائریکٹر مہرین جبار کی ایک جھوٹی لو سٹوری منظر عام پر آنے کو تیار ہے۔  مہرین جبار کی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز  ایک جھوٹی لو سٹوری کی عکس بندی مکمل ہوچکی ہے جس کا سکرپٹ نامور مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھا ہے۔ ویب سیریز  ایک جھوٹی لو سٹوری میں مرکزی کردار اداکار بلال عباس خان اور اداکارہ مدیحہ امام نبھا رہے ہیں اور دونوں اداکاروں کی یہ پہلی ویب سیریز ہے۔ ویب سیریز کی کاسٹ میں محمد احمد، بیو ظفر، فرقان صدیقی، مریم سلیم، کنزہ رزاق اور کرن حق بھی شامل ہیں۔ ایک جھوٹی لو سٹوری سادہ، رومانوی اور انٹرٹینمنٹ سے بھرپور کراچی کے دو متوسط گھرانوں کی کہانی ہے،  جس کی عکس بندی کراچی سمیت خوبصورت پہاڑی علاقے مری میں کی گئی۔ اپنے کردار کے حوالے سے بلال عباس خان نے کہا کہ وہ ویب سیریز میں کراچی کے ایک روایتی لڑکے کا کردار نبھا رہے ہیں جس میں اس کے عام سے خواب ہیں جیسے سب کے ہوتے ہیں۔ عکس بندی کے اختتام کے بعد پوری ٹیم نے تصاویر بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔ مداحوں کی جانب سے ویب سیریز کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے ، تاہم سیریز کے منظر عام پر آنے کی حتمی تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک پہلی قسط ریلیز کردی جائے گی۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟