25 اگست 2019
تازہ ترین
 ڈائنوسار کی ایک نئی قسم دریافت

 ڈائنوسار کی ایک نئی قسم دریافت

 امریکی ماہرین نے عقاب جیسی چونچ رکھنے والے ڈائنوسار کی ایک نئی قسم دریافت کرنے کا اعلان کیا ، جو آج سے تقریباً 8 کروڑ سال پہلے پایا جاتا تھا اور لگ بھگ ساڑھے چھ کروڑ سال پہلے مکمل طور پر ختم ہوگیا۔ دریافت اور حتمی شناخت کے بعد اس ڈائنوسار کو اکوئیلرہینس پیلیمنٹس (Aquilarhinus palimentus) کا نام دیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ڈائنوسار کی باقیات 1980 میں بگ بینڈ نیشنل پارک ٹیکساس سے برآمد ہوئی تھیں اور اسے پہلے سے دریافت شدہ ڈائنوسار ہی کی کوئی نوع سمجھا جاتا رہا۔ جدید ترین اور زیادہ حساس آلات کی مدد سے جب باقیات کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ اتنے مختلف ہیں کہ اب تک دریافت شدہ کسی بھی ڈائنوسار سے مماثلت نہیں رکھتے۔ اس کی کھوپڑی خاصی مکمل حالت میں ہے جس کی چونچ والا حصہ عقاب جیسا ہے جبکہ نچلا جبڑا خاصا چوڑا ہے۔ چونچ کے نچلے اور بالائی حصے دو چوڑی کھرپیوں کی طرح نظر آتے ہیں۔ ماضی میں بھی چونچ والے کئی ڈائنوسار دریافت ہوچکے ہیں جن کی باقیات کا تجزیہ کر کے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس قسم کے ڈائنوسار کی بہت سی انواع موجود تھیں بلکہ جہاں تک نباتات خور ڈائنوسارز کا تعلق ہے تو ان میں چونچ والے ڈائنوسارز کی سب سے زیادہ اقسام تھیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟