50 لاکھ گھر،1 کروڑ نوکریوں کے وعدے بھولنے نہیں دیںگے،خورشید شاہ

 

 

پیپلز پارٹی کے رہنما سید خور شید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا تک دن میں 2 بار ہیلی کاپٹر سے آتے جاتے ہیں جس کے اخراجات 3 لاکھ روپے ہیں۔ بلور ہاؤس پشاور میں ہارون بلور کے اہل خانہ سے  تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ابھی تک کوئی نئی بات نہیں کی، وزرا پہلے بھی اکنامی پلس میں سفر کرتے تھے اور ان کے باہر علاج کرانے پر بھی پابندی تھی، حکومت پرانی چیزوں کو سرخی پائوڈر لگا کر انہیں نئے اقدامات قرار دے رہی ہے، چھوٹے چھوٹے اعلانات سے کچھ نہیں ہوگا بڑے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالہ جاتے ہوئے دن میں 2 مرتبہ ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں اور ایک ٹرپ 3 لاکھ کا ہوتا ہے، وہ آج بھی 11 گاڑیوں کے پروٹوکول میں سفر کرتے ہیں، ان کے دعوے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے پیچھے دھکیل رہے ہیں، ہم 50 لاکھ گھر اور 1 کروڑ نوکریوں کے وعدے عمران خان کو بھولنے نہیں دیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ صدر کے لئے پیپلز پارٹی نے ایسا نام دیا ہے جو پاکستان کے لیے اثاثہ ثابت ہوگا، ان پر کوئی الزام نہیں اور  ن لیگ نے بھی ان  کے نام پر کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ طریقہ کار پر اعتراض کیا جسے ہم بھی تسلیم کرتے ہیں، پی ٹی آئی کو بھی چاہئے کہ وہ اعتزاز احسن کی حمایت کرے۔

 


عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟