تازہ ترینخبریںپاکستان

پنجاب کابینہ نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ گزشتہ3ماہ میں پاکستان خصوصاً پنجاب کی تاریخ میں سیاسی وآئینی لحاظ سے بے پناہ اتار چڑھاؤ آئے۔پنجاب میں آئینی حوالے سے جو کھلوڑا کیاگیاشاید اس کی نظیر تاریخ میں بھی ڈھونڈنے سے نہ ملے۔

ایوان کے کسٹوڈین نے آئین اورقانون کو پاؤں تلے روندا۔میں اپنے اراکین اسمبلی، اتحادیوں اورآزاد اراکین کو سلیوٹ پیش کرتاہوں۔ڈپٹی سپیکر نے جس جرات کا مظاہرہ کیا، ان کا بھی مشکور ہوں۔سرکاری افسران نے فرائض ادا کرتے ہوئے عدالتی فیصلے پر عمل کرایا۔48گھنٹے تک پنجاب کے عوام بجٹ کا انتظار کرتے رہے لیکن ان کی انا اورہٹ دھرمی نے ہر چیز کو بلڈوزکیا۔تین ماہ کے دوران غیر قانونی اورغیر آئینی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا اور ہم نے ہرقدم آئین اورقانون کے تحت اٹھایا۔

وہ آج ایوان اقبال میں منعقدہ پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نہ ہونے کے باوجود صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 200ارب روپے کی گندم پر سبسڈی دی اور آج عوام کو ہر ضلع میں 10کلوآٹے کا تھیلا 490روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے جو مارکیٹ سے 160روپے سستا ہے۔ مجھے کہا گیا کہ کابینہ آنے دیں پھر سبسڈی دیں گے میں نے کہا کہ خلق خدا مشکل میں ہے اورمیں یہ سبسڈی ضرور دونگا۔اللہ تعالیٰ نے بھی میری مدد کی کابینہ بھی بن گئی،گورنر بھی آگیا اوربجٹ اجلاس بھی ہوا۔جب اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی خدمت کا کام لینا ہوتا ہے تو راستے بھی بنادیتا ہے،پھرکسی کی انا یا ہٹ دھرمی راستے کی رکاوٹ نہیں بنتی۔انہوں نے کہا کہ خونی انقلاب کی بات کرنے والے گلگت بلتستان اورخیبر پختونخوا کی مسلح پولیس لیکر پنجاب میں داخل ہوئے۔

ہم نے پنجاب پولیس کو ربڑ کی گولیاں دی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سازش کا راگ الاپنے والے اس شخص کی سیاست کے پیچھے انتشار ہے کبھی اداروں پر حملہ آور ہوتا ہے اورکبھی ملک پر۔اس کی سیاست صرف ”اگر میں نہ آیا“کے گرد گھوم رہی ہے اور”میں“اللہ تعالیٰ کو ناپسند ہے۔

ایوان صدر میں بیٹھے ایک شخص نے عمران خان کے تابعدار کا کردار ادا کیا ہے۔آئین اورقانون کی بات نہیں مانی، تاریخ میں عارف علوی کو آئین شکن صدر کے نام سے یادرکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) نے شروع کیا اورہم ہیلتھ کارڈ کو مزید بہتر بنارہے ہیں۔ہیلتھ کارڈ سے اب صاحب حیثیت لوگ بھی مستفید ہوتے ہیں جو علاج کرانے کی استدعا رکھتے ہیں۔میں خود بھی ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہونے کا حق رکھتا ہوں۔ ہم ایسا نظام لارہے ہیں کہ صاحب ثروت کے وسائل کم وسیلہ افرادکو منتقل ہوں اوریہ میں سب سے پہلے خود سے شروع کررہا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ یکم جولائی سے پنجاب کے 36اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مفت ادویات ملیں گی جبکہ کینسر کی ادویات بھی فری ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کو فنکشنل کریں گے اورسیف سٹی پراجیکٹ پنجاب کے طول و عرض میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ کا پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سابق وزیراعلیٰ بلاک بن رہا ہے۔پھر یہ سابق وزیراعلیٰ ہائی کورٹ درخواست لے کر پہنچ گئے کہ انہیں سکیورٹی اورمراعات دی جائیں۔ساڑھے تین برس تک سیف سٹی کے 30فیصد کیمرے خراب پڑے رہے اس وقت آپ کو پنجاب کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کا کوئی خیال نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فارم ٹو مارکیٹ 8ہزار کلو میٹر سڑکوں کو اربوں روپے کی لاگت سے بحال کریں گے۔کسان کو دیگر سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ بلاسود قرضوں کا اجراء کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی مسلم لیگ (ن) کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اورمنصوبے کے لئے امریکہ سے ڈاکٹر آئے لیکن یہاں ان کی تذلیل کی گئی اوراب دوبارہ ہم نے ان ڈاکٹروں سے بات کی ہے۔انشاء اللہ چند ماہ میں اربوں روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ دوبارہ اصلی حالت میں بحال ہوگا-سابق حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ کیا لیکن کوئی قدم نہ اٹھایالیکن ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کے صوبے کے لئے 240ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جو کہ ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد ہیں۔جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

چولستان میں جب قحط آیا تو میں خود متاثرہ علاقوں میں گیا اورچولستان کے لوگوں کے ساتھ جانوروں کو بھی پانی فراہم کیا گیا۔چولستان کی آبادی کیلئے سولر واٹر پلانٹس لگائے جائیں گے۔جانوروں کیلئے علیحدہ شیڈبنیں گے جبکہ لوگوں کیلئے علیحدہ اے سی والے شیڈ بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 50لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی اورکسانوں کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ فراہم کیا۔انشاء اللہ ہم گندم کی امدادی قیمت کا بروقت اعلان کریں گے تاکہ کاشتکارزیادہ رقبے پر گندم کاشت کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ سکیم بحال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرا ڈسٹرکٹ روڈز کی تعمیر ومرمت کے لئے 50ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں اور سڑکوں کی اعلیٰ کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر،فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی عمارت کو ساڑھے تین برس تک التواء کا شکار رکھاگیا جس سے تعمیری لاگت میں اضافہ ہونے سے تین ارب روپے کا نقصان ہوا۔چند ماہ میں پنجاب ایگریکلچر،فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی عمارت کو فنکشنل کریں گے اوراس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ ملتان میں وائلنس ایگنسٹ وویمن سینٹرکئی برس تک بند پڑا رہا،عملے کو تنخواہیں تک نہ دی گئیں۔ہم نہ صرف یہ سینٹر بحال کریں گے بلکہ دیگر اضلاع میں بھی ایسے سینٹر بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ خواتین اورلیڈیز ٹیچرز کو 12ہزار سکوٹیز دی جائیں گی۔گوجرانوالہ میں 500بستروں پر مشتمل ہسپتال کو اسی برس مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف گوجرانوالہ بھی بہت جلد شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی ہے۔اس نظام سے نچلی سطح پر عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ 4015یونین کونسلوں کو55ارب روپے کا فنڈز منتقل کیاجائے گا۔ ایک یونین کو نسل کو ایک کروڑ8لاکھ روپے فی کس فنڈ ملے گا،14نئی میونسپل کارپوریشن بنیں گی،یوتھ، خواتین،کسان،اقلیت، معذور کی نشستوں کو یونین کونسل کی سطح پر دوگنا کیا جارہا ہے۔لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کو ریگو لرکیا جارہا ہے۔دیہات میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے دیہات صفائی پروگرام کا منصوبہ شروع کریں گے۔جب تک اللہ تعالیٰ نے یہ منصب عطا کیا ہے خدمت کرتارہوں گا۔عوام کی خدمت ہی بہترین سیاست ہے۔فلاحی اورعوام دوست بجٹ پیش کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بنی گالا میں بیٹھا انسان لانگ مارچ کی آڑ میں پھر انتشار پھیلانا چاہتا ہے اورلشکرکشی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ عمران خان کان کھول کر سن لو،سیاست کرنی ہے تو کرو۔میں صوبے کے عوام کے مفاد کے خلاف اٹھنے والا ہر قدم آہنی ہاتھوں سے روکوں گا اورتمہیں انتشار پھیلانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔میرا عوام سے وعدہ ہے کہ ہم دن رات ایک کردیں گے۔معیشت کو بھی بحال کریں گے اورملک کو قائد کا خوشحال پاکستان بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button