تازہ ترینخبریں

نیو انارکلی لاہور میں بم دھماکا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

کمشنر لاہور نے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں جل گئیں۔

زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دھماکا ہوتے ہی جائے دھماکا پر پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری پہنچ گیا۔

ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ بجھائی اور جھلس جانے والے افراد کو وہاں سے اسپتال منتقل کیا۔

میؤ اسپتال کے ایم ایس کے مطابق 25 زخمیوں کو میؤ اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری اور ان کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 9 سالہ ابصار کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کراچی سے ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچے ابصار کے والدین بھی زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے 1 اور جاں بحق شخص کی شناخت 31 سالہ رمضان کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور کا رہائشی ہے۔

دھماکے مقام پر نصب کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق 1 بج کر 45 منٹ 42 سیکنڈ پر یہ دھمکا ہوا۔

پولیس کی جانب ٹائم ڈیوائس یا ریموٹ کنٹرول بم کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ، فرانزک ٹیمیں اور دیگر تفتیشی ماہرین دھماکے کے حوالے سے شواہد حاصل کرنے اور نمونے جمع کرنے میں مصروف ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا بھی پڑ گیا ہے۔

ڈی سی لاہور کی جانب سے انارکلی بازار میں بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق دھماکا 1 بج کر 45 منٹ پر ہوا، جس کی نوعیت کا بم ڈسپوزل، پولیس اور فرانزک ٹیمیں تعین کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش ہورہی ہے، واقعے کی جگہ سیف سٹی سیکیورٹی سسٹم میں کور ہے، ٹیسٹنگ سے معلوم ہوگا کہ دھماکا سلنڈر کا تھا یا دھماکا خیز مواد سے ہوا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت جاری کی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button