25 جون 2019
آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری ہونگے

آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری ہونگے

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق راجا پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سپیکر اسد قیصر نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا میرے بس میں نہیں ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے لیے جاری ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرانے اور بجٹ کے معاملے پر غور کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کا اجلاس میں شرکت کرنا آئینی حق ہے۔ سپیکر سے معاملہ اٹھا کر رولز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کو فرضی اور جعلی مقدمات میں جیلوں میں ڈالنا احتساب نہیں انتقام ہے۔ ہم نے ہمیشہ عدلیہ اور قانون کی بالادستی کی بات کی۔ حکومت کی جانب سے قانون کی دھجیاں بکھیرنے پر عدلیہ نوٹس لے۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا پی ٹی آئی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدے پورے کر پائے گی؟