01 دسمبر 2021
تازہ ترین
آسیب زدہ گھر میں ایک دن رہنے کا معاوضہ 40ہزار روپے

آسیب زدہ گھر میں ایک دن رہنے کا معاوضہ 40ہزار روپے

بیجنگٜ اگر آپ بھوتوں اور چڑیلوں سے نہیں ڈرتے تو اسی بے خوفی کے ذریعے آپ صرف ایک دن میں 40ہزار روپے تک کما سکتے ہیں، لیکن اس کےلئے آپ کو چین جانا ہوگا۔ خبروں کے مطابق، چین کی ریئل اسٹیٹ کمپنیاں آسیب زدہ مکانات فروخت کرنے کےلئے معاوضے پر ایسے بے خوف افراد کی خدمات حاصل کرتی ہیں جو وہاں کچھ دن اکیلے گزار کر حلفی بیان دیتے ہیں کہ وہ مکان آسیب سے پاک ہیں اور کوئی بھی فرد انہیں گھبرائے بغیر خرید سکتا ہے۔ پاکستان کی طرح چین میں بھی کئی مکان، بنگلے اور اپارٹمنٹ ایسے ہیں جہاں ماضی میں غیر معمولی اموات ہوچکی ہیں جن کی وجہ سے انہیں آسیب زدہ سمجھا جانے لگا ہے۔ خریدار ایسی جگہوں کو خریدنے سے گریز کرتے ہیں اور ان کی مناسب قیمت نہیں ملتی۔ اس صورتِ حال کا ازالہ کرنے کےلئے ریئل اسٹیٹ اداروں نے معاوضے پر ایسے بے خوف اور پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کرنا شروع کردی ہیں جو وہاں چند دن گزاریں اور واپس آکر یہ بتائیں کہ ان جگہوں پر کوئی بھی رہ سکتا ہے اور وہاں بھوت پریت جیسی کوئی چیز موجود نہیں۔ سائوتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے اس حوالے سے اپنی ایک خبر میں بتایا ہے کہ چین میں آسیب زدہ مکانوں کو ٹیسٹ کرنے والوں کا کاروبار بہت اچھا چل رہا ہے اور بعض تجربہ کار ماہرین اپنی خدمات کا معاوضہ ایک یوآن (تقریباً 28روپے پاکستانی) فی منٹ کے حساب سے وصول کرتے ہیں۔ وہ عموماً ایک مبینہ آسیب زدہ مکان میں 24گھنٹے اکیلے رہ کر گزارتے ہیں جس کا معاوضہ 1440یوآن (تقریباً 40ہزار پاکستانی روپے) بنتا ہے۔ اس دوران وہ متعلقہ کمپنی سے ویڈیو کال پر رابطے میں بھی رہتے ہیں اور مکان کے مختلف حصوں میں گھوم پھر کر ثابت کرتے ہیں کہ وہاں بھوت جیسی کوئی چیز نہیں پائی جاتی۔ مکان کو غیر آسیب زدہ ثابت کرنے کے بعد ریئل اسٹیٹ اداروں کےلئے اسے زیادہ قیمت پر فروخت کرنا خاصا آسان ہوجاتا ہے اور وہ اپنی خرچ کردہ رقم، منافع کے ساتھ، بہ آسانی واپس وصول کرلیتے ہیں۔


مزید خبریں

عوامی سروے

سوال: کیا آپ کووڈ 19 کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے مطمئن ہیں؟